ہفتہ 10 فروری 2007ء کو کتالان پارلیمنٹ کی خصوصی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد نے کتالان پارلیمنٹ کا دورہ کیا، وفد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی مجلسِ شوریٰ کے صدر میاں برکات احمد، ناظمِ نشر و اشاعت نوید اصغر ، منہاج یوتھ لیگ میں سے صدر مسیب حسن شفیق، نائب صدر محمد عتیق الرحمان، سیکریٹری جنرل احسن جاوید، رضوان علی سلطانی، برکات مصطفی اور حسنات مصطفی شامل تھے اس موقع پر ہم وطن اخبار کے اڈیٹر حسین احمد بخاری بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔یاد رہے کہ منہاج القرآن سپین کی طرف سے کتالان پارلیمنٹ کا6 ماہ کے اندریہ دوسرا وزٹ تھا۔
10 بجے جب وفد کے شرکاء پارلیمنٹ پہنچے تو وہاں موجود کتالان پولیس اور پارلیمنٹ کی پروٹوکول انتظامیہ نے ان کا پارلیمنٹ کے مرکزی دروزہ پر استقبال کیا ۔ کتالان پارلیمنٹ کی پروٹوکول انتظامیہ نے ایک ایک کر کے پارلیمنٹ میں موجود تمام دفاتر اور مرکزی عمارت (کورم)کا تعارف کروایا اور بتایا کہ کتالان پارلیمنٹ کے اراکین کی کل تعداد 135 ہے او ر اس دفعہ پارلیمنٹ 6 پارٹیز پر مشتمل ہے۔ عملے میں شامل ایک خاتون نے پارلیمنٹ عمارت کی تاریخ بتاتے ہوئے کہا کہ سن 1714ء میں بننے والی اس خوبصورت اور شاندار عمارت کو فوجی چھاونی کے طور پر بنایا گیا تھا، اور یہ عمارت عرصہ دراز تک ہسپانوی بادشاہوں کے زیرِ استعمال رہی ، لیکن 1930ءکی دہائی میں جب سپین میں ایک ریپبلک کے طور پر جمہوریت کو بحال کیا گیا تو اس عمارت کو بطورِ علاقائی اسمبلی کے استعمال کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو کہ بالآخر منظور ہوا ، 1936ء میں سول جنگ ہوئی اور فوجی جرنیل فرانکو حکومت پر قابض ہوا تو اس نے اس عمارت کو تالے لگوا دیے اور اس میں کسی بھی قسم کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا ، پھر 1975ء میں جب سپین میں دوبارہ جمہوریت بحال ہوئی اور کتالونیا کو خودمختاری ملی تو اس عمارت کو از سرِ نو بطورِ پارلیمنٹ استعمال کیا گیا جو کہ آج تک جاری ہے۔
پارلیمنٹ کا تعارف جاری تھا کہ کتالان پارلیمنٹ کے واحد مسلمان رکن محمد شعیب بھی پہنچ گئے اور پھر انہوں نے خود وفد کو پارلیمنٹ کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی اور اپنے دفتر کا دورہ بھی کرایا، محمد شعیب نے ایک معلوماتی نشست کے دوران وفد کے اراکین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اپنی سیاسی زندگی کے بارے میں بتایا ، اور مسلمان نوجوانوں کو مقامی سیاست میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی طریقہ سے اپنے جائز حقوق کا دفاع کر سکتے ہیں۔ آخر میں وفد کے اراکین نے محمد شعیب کا شکریہ ادا کیا اور 12 بجے کے قریب یہ وزٹ اپنے اختتام کو پہنچا ۔ واپسی پر وفد جب منہاج القرآن مرکز پر پہنچا تو منہاج القرآن سپین کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال نے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ ا یسے وزٹ کر کے ہمارا مقصد صرف سیر نہیں بلکہ اپنے آپ کو مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔
تبصرہ