ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر معراج الہدیٰ، رضا باقری، کلپنہ دیوی، قاضی زاہد حسین، اسلم مجاہد، پروفیسر خیال آفاقی، بشپ خادم بھٹو، شیخ صلاح الدین، پیر آغا فضل الرحمان مجددی علامہ اعجاز مصطفی، مظہر محمود علوی، نعیم انصاری و دیگر سیاسی سماجی، علمی، ادبی شخصیات کا خطاب
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 8 جلدوں پرمشتمل تاریخ ساز کتاب قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی سندھ اسکاؤ ٹس آڈیٹوریم میں 17 فروری کو منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر معراج الہدیٰ ایم کیو ایم کے رہنماء اسلم مجاہد، رضا باقری، کلپنہ دیوی، قاضی زاہد حسین، پروفیسر خیال آفاقی، بشپ خادم بھٹو، شیخ صلاح الدین، پیر آغا فضل الرحمان مجددی، علامہ اعجاز مصطفی، مظہر محمود علوی، نعیم انصاری سمیت سیاسی، سماجی، علمی، ادبی شخصیات، اہل قلم، کالم نگار، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت علماء کرام، اسکالرز، یوتھ تنظیمات کے قائدین، مینارٹی اور خواتین نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا موجودہ صدی کی بلند پایا تحقیق اور عظیم علمی کاوش ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نصف صدی کے مطالعہ کا نچوڑ ہے۔ قرآن مجید اللہ کا کلام اور قیامت تک انسانیت کیلئے راہ ہدایت و نجات ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا حقوق اللہ، حقوق العباد، عقائد ایمانیات، دین و دنیا، آخرت، قیامت کی حقیقت، قصص الانبیاء، کائنات کی حقیقت، تخلیق آدم، اخلاق اقدار، حلال و حرام، اقلیتوں کے حقوق، حیوانات سمیت دنیا کے پانچ ہزار موضوعات پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ہر گھر کی ضرورت ہی نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں رہنمائی کیلئے ہر ادارے کی بھی ضرورت ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے تمام شعبہ ہائے زندگی، معاشی، اقتصادی، قانونی، سائنسی، دینی، مذہبی، جدید، قدیم مسائل آسان فہم بنا دیا ہے ایک عام انسان کو قرآن کے قریب اور آسان فہم بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا جیسی عظیم کتاب کی تصنیف کر کے متلاشیان علم کیلئے اس صدی کا احسان عظیم کیا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا قرآن فہمی میں انسانیت کی معراج ہے جبکہ قرآنی گریزی میں زوال ہے۔ قرآن حکیم کو قیامت تک کیلئے انسا نیت کیلئے دستور حیات اور قانون فطرت قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا میں اہلیان کراچی کی طرف سے ڈاکٹر صاحب کا شکر گزار ہوں اور تقریب رونمائی کی میزبانی صوبہ سندھ کی سعادت ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا لکھ کر گوگل کو مات دے دی ہے اب ہر سوال کا جواب گوگل نہیں قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہے۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام کی تمام تصانیف نے زندگی کے ہر شعبہ کو احاطہ کیا ہے۔ آپ نے دین کی حقیقی معتدل، اور امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات کے فروغ اور اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کیلئے دنیا بھر کا سفر کیا اور دنیا پر ثابت کیا اسلام امن محبت سلامتی کا دین ہے اسکا دہشت گردی انتہا پسندی تنگ نظری سے کوئی تعلق نہیں۔
جماعت اسلامی سندھ کے سابق امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا شیخ الاسلام نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں علمی، تحقیقی، تعلیمی ادارے قائم کر کے نوجوان نسل کو لادینیت، انتہا پسندی اور بے راہ روی سے بچانے کا نا قابل فراموش کارنامہ سر انجام دیا۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا بھی اسی کا ایک تسلسل ہے۔
خانہ فرھنگ آف ایران کے ڈائیریکٹر رضا باقی نے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا اس صدی کی عظیم نعمت ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسے اسکالرز کی خدمات دنیا اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں۔
امام خمینی کے شاگرد حجتہ الاسلام صلاح الدین نے کہا شیخ السلام اتحاد بین المسالک کے عظیم ستارے ہیں، انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے علمی کام کو دیکھ کر دنیا دنگ ہے ایسی علمی ادبی مفکر اللہ تعالیٰ خوش نصیب اقوام کو صدیوں بعد نعمتوں کی صورت میں عطاء فرماتا ہے۔ شیخ الاسلام نی صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا فخر اور انہی نعمتوں کا تسلسل ہیں جو اللہ تعالیٰ نے عظیم اقوام کو عطا کیں۔
پروفیسر خیال آفاقی، پیر فضل الرحمان مجددی، علامہ اعجاز مصطفی نے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا اتنی ضخیم ہونے کے باوجود دو ماہ کے کم عرصے میں اس کے بیس ہزار سے زائد سیٹ فروخت ہو چکے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں ایڈوانس بکنگ موجود ہے 8 جلدوں پر مشتمل اس کتاب کی اتنی سیل بھی خود ایک تاریخ ہے۔ علم کی دنیا میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا تاریخ ساز اضافہ ہے جو آنے والی نسلوں کو سیراب کرے گا اور نسل نو کو قرآنی تعلیمات کو سمجھنے اور زندگی میں نافذ کرنے، انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے علم، قلم، تقریر اور تحریر کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچایا۔ ضرورت اس امر کی ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کو پاکستان کے نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ آنے والا معاشرہ معتدل اور حقیقی روشن خیال ہو۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی صورت میں ملت اسلامیہ پر احسان کیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس تالیف کے ذریعے صدیوں کا قرض چکا دیا ہے، آج کے اس مادیت پرستی کے دور میں قرآن فہمی کو اتنا آسان کر کے پیش کر دیا کہ ہزاروں قرآنی موضوعات تک ایک عام آدمی کی رسائی آسان بنا دی، تمام مسلمان قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو اپنے گھر کی زینت بنا کر علم و معرفت کے موتی حاصل کریں۔
مینارٹی کے بشپ خادم بھٹو اور کلپنہ دیوی نے کہا قرآن صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری انسایت کیلئے نازل ہوا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اتحاد بین المذاہب کیلئے جو کام کر رہے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی۔
تبصرہ