نوجوان معاملات زندگی میں اعتدال کا راستہ اختیار کریں اور انتہاپسندی سے بچیں
قائد منہاج القرآن کا ”آل پارٹیز یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس“ سے ویڈیو لنک پر خطاب
کانفرنس میں 32 یوتھ اور طلباء تنظیموں کی مرکزی قیادت وفود کے ہمراہ شریک ہوئی
کانفرنس کا اہتمام نیشنل یوتھ الائنس نے کیا، میزبانی کے فرائض منہاج یوتھ لیگ نے انجام دیئے
لاہور (22 اگست 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ”اساس ایمان“کے موضوع پر منعقدہ ”آل پارٹیز یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باکردار نوجوان پاکستان کا محفوظ مستقبل ہیں، نوجوانوں کو انتہاپسندی اور متشدد رویوں سے بچانا جملہ جماعتوں کی لیڈرشپ اور علمائے کرام کی اولین ذمہ داری ہے، نوجوان معاملات زندگی میں اعتدال اور توازن کا راستہ اختیار کریں، دشمن سوشل میڈیا کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، خود بھی اور دوسروں کو بھی انتہاپسندی اور متشدد رویوں سے بچائیں، جن تصورات کی بنیادیں جھوٹ اور تنگ نظری پر استوار ہوں وہاں سے کبھی خیر برآمد نہیں ہو گا، نوجوان فرقہ واریت کے خلاف اپنا فکری کردار ادا کریں، اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت ایمان کی اساس ہے۔
آل پارٹیز یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس کا اہتمام نیشنل یوتھ الائنس کی طرف سے کیا گیا، کانفرنس کی میزبانی کے فرائض منہاج یوتھ لیگ نے انجام دیئے، کانفرنس منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے تمام یوتھ و طلبہ تنظیموں کے مرکزی عہدیداروں اور وفود کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا اور آل پارٹیز یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس کو پاکستان کے استحکام کیلئے خوش آئند اور سنگ میل قرار دیا۔ یوتھ اور طلبا ء رہنماؤں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے علمی، فکری اور تربیتی خطاب پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں نیشنل یوتھ الائنس کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، منہاج یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، عمر قریشی، انعام مصطفی، محسن مشتاق، محسن شہزاد مغل، جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہد نوید ملک، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے مرکزی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ستار بلوچ، پاک سرزمین پارٹی یوتھ کے صوبائی صدر حافظ اعجازاحمد، انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما حافظ محمد اکرم، جعفریہ یوتھ کے مرکزی صدر سید اظہار بخاری، مسلم یوتھ آرگنائزیشن کے صدر پنجاب ذوالفقار احمد، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق) کے مرکزی صدر سہیل چیمہ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر اویس جمیل گجر، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر موسیٰ کھوکھر، اسلامی جمعیت طلباء کے مرکزی ترجمان راجہ عمیر، جمعیت طلباء اسلام (س) کے مرکزی صدر ظہیر الدین بابر، جمعیت طلبائے اسلام (ف) کے مرکزی ناظم رائے عثمان، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سید عارف حسین، جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سید ذیشان نقوی، متحدہ طلباء محاذ کے صدر حافظ محسن شہزاد، انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اکرم رضوی، جمہوری وطن پارٹی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر حسنین زاہد، المحمدیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ناظم وقار احمد، سرائیکستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر کاشف خان، جمہوری وطن پارٹی یوتھ کے مرکزی صدر کامران سعید عثمانی، اہلحدیث یوتھ فورس کے مرکزی صدر فیصل افضل وفود کے ہمراہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوئے۔
یوتھ اور طلباء رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوع کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر کی یوتھ کو نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان اور شعائر اسلام کے تحفظ کیلئے یکجا کیا جائے گا۔ تمام یوتھ اور طلبہ تنظیمات کے مرکزی رہنماؤں نے کانفرنس میں اظہار خیال بھی کیا اور کانفرنس کے مثالی انتظامات پر منہاج یوتھ لیگ کو مبارکباد دی۔
تبصرہ