منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی کے زیراہتمام سالانہ یوتھ اسمبلی کا اجلاس 28 ستمبر 2020ء کو میلاد ہال طارق روڈ میں منعقد ہوا جس کی صدارت منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ یوتھ اسمبلی منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران و کارکنان سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یوتھ اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا اور بعد ازاں بارگاہِ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔
یوتھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا پاکستان میں جہالت کے خاتمے تعلیم کے فروغ کے ساتھ منہاج یوتھ لیگ قیام امن اور احترام انسانیت کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت دشمن عناصر ریاست کو فرقہ ورانہ فسادات کی نظر کرنا چاہتے ہیں، ایسے میں نوجوانوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں وہ معاشرے میں اعتدال، امن و محبت اور اتحاد و یکجہتی کا درس دیں اور ریاست کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف ڈٹ جائیں۔ انہوں نے کہا ریاست پاکستان کے اساسی و آفاقی نظریات کے خلاف پروپیگنڈہ کے خلاف نوجوان متحد ہوں۔ تنگ نظری، انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ پرستی اور طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ حکومت نظامِ حکومت چلانے کیلئے نوجوانوں کو آگے لیکر آئے تاکہ کرپشن لوٹ مار کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ریاست نوجوانوں کیلئے تعلیم، بزنس، جاب کا انتظام کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے ریاست منشیات فروشی کا خاتمہ کرے۔
مظہر محمود علوی نے کہا کراچی کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں حکومت اس ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کیلئے ایک ادارہ قائم کرے۔ انھوں نے بارشوں کے دوران منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے سماجی کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی عظیم عبادت ہے۔ یوتھ اسمبلی میں صدر تحریک منہاج القرآن کراچی علامہ نعیم انصاری، ناظم تحریک مرزا جنید علی، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء سید ظفر اقبال، جنرل سیکرٹری پی اے ٹی راؤ کامران محمود، نوید عالم، الیاس مغل، جمیل اختر، منہاج یوتھ لیگ کے صدر وسیم اختر، جنرل سیکرٹری شاہد راجپوت، صارم نور، ایم ایس ایم کے قائدین نثار احمد، عرفان یوسف سمیت دیگر موجود تھے۔
(رپورٹ: راؤ اشتیاق احمد، سیکرٹری انفارمیشن تحریک منہاج القرآن کراچی)
تبصرہ