منہاج یوتھ لیگ پورے پاکستان میں ٹیلنٹ ہنٹ سیشنز منعقد کرے گی
نوجوان اپنے اندر چھپا ٹیلنٹ پہچان کر اس میں نکھار پیدا کریں:صدر منہاج یوتھ
لیگ
لاہور(25فروری 2024)منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرہ کیلئے ترقی کی ضامن ہے۔ تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کا کردار سنوارتی ہے۔ نوجوانوں میں علم و ہنر اور فن کو پہچاننے اور اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے منہاج یوتھ لیگ پورے پاکستان میں ٹیلنٹ ہنٹ سیشنز منعقد کرے گی۔
دنیا نے نئے دور کی طرف کروٹ لے لی ہے تعلیم، ہنر اور فن کے تقاضے بھی بدل گئے۔ جدید دور نے skills کو فوقیت دے کر نوجوانوں کو ڈگری کی قید سے آزاد کردیاہے۔ ہمیں اپنے بہتر مستقبل کے لئے سوچ کے دھارے کو بدل کر صحیح سمت سفر کرناہوگا۔ نوجوانوں کیلئے ہنر آئندہ ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ نوجوان اپنے اندر چھپا ٹیلنٹ پہچان کر اس میں نکھار پیدا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ سکولز فیصل آباد کے تحت منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہاسلامی تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں نے تعلیم و تربیت میں معراج پا کر دین و دنیا میں سربلندی اور ترقی حاصل کی لیکن جب مسلمان علم و تعلیم سے دور ہوئے تو وہ بحثیت قوم اپنی شناخت کھو بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی فلسفہ تعلیم یہی ہے کہ نوجوانوں کی ذہنی،علمی اور دماغی صلاحیتوں کو اعلیٰ انسانی اقدار پر استوار کیا جائے تاکہ معاشرے میں نیکی رائج ہو۔ ایک دوسرے کا احترام کیا جائے اور کسی کی دل آزاری نہ کی جائے۔ پرنسپل یاسر ورک اور حافظ محمود الحسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
چوہدری ندیم سندھو جاوید اقبال اور چوہدری نواز سمیت اہم علمی،سیاسی،سماجی شخصیات نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ نوجوان طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔
تبصرہ