سالانہ روحانی اجتماع شب برات ۔ کراچی

رپورٹ : محمد شعیب قادری

شعبان المعظم کے بابرکت مہینے میں 27 شعبان المعظم کو تحریک منہاج القرآن کراچی ڈویژن کے زیراہتمام جامع مسجد رحمانیہ ٹرسٹ طارق روڈ میں منعقد ہوا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن عوامی داد رسی سیل کے چیئرمین ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں سابق وفاقی وزیر ایس ایم منیر، سابق وفاقی وزیر میر نواز مروت، قاضی زاہد حسین، مسعود عثمانی، قیصراقبال قادری، پروفیسر نعیم انور نعمانی، سید ظفراقبال، اطہرجاوید صدیقی، آصف پی پی، محمود میمن، زاہد لطیف، جاوید پی پی، مفتی رفیق الحسنی، حافظ محمد اصغر، محمد الیاس مغل، کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ جبکہ نقابت کے فرائض حامد رضا قادری نے ادا کئے۔ اس موقع پر معروف ثناء خوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم الحاج محمد صدیق اسماعیل، خالد حسین، حافظ محمد سرور سہروردی، رب نواز، معاذ علی نظامی، عدیل قاسمی اور قاضی کامران کے علاوہ کثیر تعداد میں ثناخوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور محفل میں محبت و عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دھوم مچا دی۔

اس سالانہ روحانی اجتماع شب برات میں ہزاروں افراد خصوصاً خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سالانہ روحانی اجتماع روشنی ٹی وی اور لبیک ٹی وی کے ذریعے پوری دنیا میں لائیو دکھایا گیا۔ روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ ارشاد حسین سعیدی نے کہا ہے کہ شب برات امت مسلمہ کے لئے رب کائنات کا عظیم تحفہ اور احسان ہے۔ یہ عظیم مقدس رات احتساب نفس فیصلوں، رحمتوں و مغفرت کی مقدس رات ہے۔ گناہوں پر ندامت اور طلب مغفرت کے ایسے قیمتی لمحات خوش نصیب مومنین کو حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا شب برات کی رات اللہ کی رحمت و مغفرت کا ابر کرم خوب برستا ہے اور رحمت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ اس رات رب کریم کی رحمت اپنے جوبن پر ہوتی ہے۔ رب کی طرف سے ندا آتی ہے، ہے کوئی مجھ سے مانگنے والا میں اس کو دوں۔ مگر بدقسمت اور بدنصیب لوگ اس رات اللہ تعالیٰ کی مغفرت سے محروم رہتے ہیں۔ کیونکہ وہ دنیا کی طلب میں مصروف ہوتے ہیں اور 15 شعبان کو مغفرت کی رات میں بھی اپنے آپ پر ظلم میں مصروف ہوتے ہیں۔ حالانکہ ان کا نام مرنے والوں کی فہرست میں شامل ہوتا ہے۔

رات ٹھیک 3:00 بجے صلوٰۃ التسبیح ادا کی گئی جس کی امامت علامہ مفتی رفیق الحسنی نے کی۔ 3:45 بجے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام کے نذرانے پیش کئے گئے اور آخر میں اجتماعی محفل ذکرکا انعقاد کیاگیا اس کے بعد اجتماعی طور پر ملکی سالمیت، اور امت مسلمہ کے عروج، تحریک منہاج القرآن کی جملہ قیادت اور بالخصوص شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحتیابی، عمردرازی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔





تبصرہ