کالج آف شریعہ میں فرسٹ ائیر کے طلبہ کے اعزاز میں welcome پارٹی

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز میں فرسٹ ائیر کے طلبہ (سیشن 08-2007ء) کے اعزاز میں مورخہ 8 دسمبر کو welcome شو کا اہتمام کیا گیا۔ بزم منہاج کے زیراہتمام یہ پروگرام کالج کے لان میں صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ اس موقع پر تلاوت و نعت سے تقریب کا آغاز ہوا۔ قاری محمد عرفان نے تلاوت کلام پاک اور سید بہادر شاہ نے نعت مبارکہ پڑھی۔ کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس پروگرام کی صدارت کی جبکہ کالج ھذا کے سابق پرنسپل ڈاکٹر ظہور احمد اظہر مہمان خصوصی تھے۔

مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر ایس ایم شفیق، میاں محمد عباس نقشبندی، ڈاکٹر علی اکبر الازھری، ڈاکٹر مسعود مجاہد، پروفیسر ظہور اللہ الازھری، سید افتخار حسین شاہ، عبدالقدوس درانی، شبیر احمد جامی، مجیب الرحمن، ظفر اقبال، قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری اللہ بخش جاوید، صابر حسین نقشبندی، محمد سیہل رضا، کاشف بھٹی، محمد یاسر خان، محمد آصف قادری، محمد عابد طاہری اور بزم منہاج کے سابقہ عہدیدار بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

تلاوت و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد بزم منہاج کے صدر خرم شہزاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ قاری عنصر علی قادری و ہمنوا، ہمدمی برادران اور محمد شیراز نے غزلیں پیش کیں۔ اس موقع پر کالج کے طلبہ نے انہیں داد دی۔ مدثر بٹ اور احسن محبوب نے مزاحیہ کلام شاعری کی صورت میں پیش کیا۔ مدثر بٹ کے مترنم مزاحیہ انداز کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ قاری محبوب عالم سعیدی نے پنجابی خبرنامہ پڑھ کر شرکاء تقریب کو مزاح سے لوٹ پوٹ کر دیا۔

پروڈیوسر مدثر محی الدین شاہ کی ڈرامہ ٹیم نے خصوصی مزاحیہ کھیل ’’منہاج القرآن زندہ باد‘‘پیش کیا۔ یہ کھیل ایک ایسے نوجوان کی کہانی تھا جو معاشرتی خرابیوں کا شکار ہوگیا لیکن میٹرک کے بعد منہاج القرآن کے تعلیمی ادارہ میں داخلہ سے اس کا باقی کیریئر نہ صرف سنور گیا بلکہ وہ ایک آئیڈیل انسان بن نکلا۔ پروگرام میں میس چیمپئن ایونٹ میں طلبہ کے لیے ابلے ہوئے چاول کھانے کا مقابلہ ہواجس میں ایک طالب علم نے سب سے زیادہ چاول کھا کر اسے جیت لیا۔ پروگرام میں مزاحیہ قوالی بھی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ ہال میں موجود طلبہ کے لیے کوئز مقابلہ بھی تھا جس میں شرکاء سے مختلف سوالات پوچھے گئے اور ان کو موقع پر ہی انعامات دیئے گئے۔

پروگرام کے اختتام پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر ظہوراحمد اظہر اور پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی اظہار خیال کیا۔ پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے طلبہ کو اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ فرسٹ ایئر کے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی طور پر منعقد کیا گیا۔ منہاج القرآن کے ہر تعلیمی ادارہ میں اس طرح تعلیم کے ساتھ ہر صحت مند تفریح مہیا کی جاتی ہے۔ اس سے طلبہ کے اندر ایک چھپا ہوا کردار باہر نکلے گا۔

پروگرام کے آخر میں بزم منہاج کے صدر خرم شہزاد نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس شو کی نقابت محمد حفیظ طاہری، حافظ نصیر الدین چشتی اور محمد ہارون عباسی نے کی۔ اختتامی دعا ڈاکٹر ظہور احمد اظہر نے کروائی۔

تبصرہ