تجدید و احیائے دین اور اصلاح احوال کی عالمگیر تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گلاسگو، سکاٹ لینڈ میں ایک نئے ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر کا قیام عمل میں آیا۔ یہ سینٹر ردر گلین کے علاقے میں قائم کیا گیا ہے۔ جس کی افتتاحی تقریب مورخہ 21 فروری کو گلاسگو، سکاٹ لینڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تھے جبکہ چوہدری محمد سرور ایم پی، شاہ محمد جمال قونصل جنرل آف پاکستان، علمائے کرام، مقامی کونسلرز، پادری حضرات، پولیس افسران اور کمیونٹی لیڈروں کے علاوہ سکاٹ لینڈ بھر سے کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے آغاز سے قبل جناب صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے فیتہ کاٹ کر نئے سینٹر کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور اس کے بعد نقیب محفل شیخ ریحان رضا نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے لندن سے تشریف لائے ہوئے مہمان قاری جمیل احمد کو تلاوت اور نعت کی دعوت دی۔
تحریک منہاج القرآن سکاٹ لینڈ اور گلاسگو کے امیر علامہ محمد شاہد بابر قادری نے حاضرین اور مہمانان گرامی کی خدمت میں استقبالیہ کلمات ادا کئے اور سینٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر علاقے کی علمی و فکری، تعلیمی و تربیتی، دینی و مذہبی، اخلاقی و روحانی اور تہذیبی و ثقافتی ضروریات کی تکمیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ سینٹر میں بچوں اور بچیوں کی یومیہ، ہفتہ وار اور ماہانہ کلاسوں کے علاوہ یہاں خواتین کیلئے بھی مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سینٹر گلاسگو کی غیر مسلم کمیونٹی میں اسلام اور مسلمانوں کا اچھا اور مثبت تاثر پیدا کرنے اور تمام مذاہب و مسالک کے مابین باہمی رواداری کو فروغ دینے مین بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس کا سب سے پہلا عملی مظاہرہ یہ ہے کہ آج اس افتتاحی تقریب میں مسلمانوں کے تمام مذاہب کے علاوہ غیر مسلم کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سکاٹ لینڈ کے امیر سید طفیل شاہ صاحب نے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیم و تربیت میں مسجد کو انتہائی اہم مقام و مرتبہ اصل ہے یہی وجہ ہے حضور سرور دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت کے بعد سب سے پہلے مسجد قبا اور پھر مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بنیاد رکھی۔ منہاج القرآن کے زیراہتمام قائم ہونے والا یہ سینٹر اور مسجد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے علامہ محمد شاہد بابر اور منہاج القرآن کی پوری ٹیم کو اس ادارے کے قیام پر مبارک باد پیش کی۔
جامع مسجد خضراء کے امام علامہ محمد جعفر بلال برکاتی نے کہا کہ اگرچہ میں منہاج القرآن کا ممبر نہیں لیکن اس ادارے کے ساتھ میری وابستگی بہت پرانی ہے۔ منہاج القرآن کے کام کا اپنا ایک انداز ہے اور انکے ہر کام میں ایک جدت پائی جاتی ہے جس کا عملی مظاہرہ اس انتہائی خوبصورت مسجد کا قیام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کا ایک بہت بڑا کارنامہ یہ بھی ہے کہ انہوں نے علمائے دین میں خودداری پیدا کی ہے۔
کلائیڈ پولیس کے انسپیکٹر مارٹن نے کہا کہ آج اس سینٹر میں آکر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ ہم آپ سب کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا ہر طرح کا تعاون آپ کو حاصل رہے گا اور ہم آپ کے تعاون سے کمیونٹی کی بہتر سے بہتر خدمت کرنے کیلئے کوشاں رہیں گے۔
سکاٹش اسلامک فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو اسامہ سعید نے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا سدباب کرنے کیلئے داخلی اور خارجی دونوں سطحوں پر محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
قونصل جنرل آف پاکستان (گلاسگو) شاہ محمد جمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت مسجد کے قیام پر میں منہاج القرآن کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اسلام امن اور رواداری کا دین ہے اسلئے ہمیں ہر معاملے میں دین کی اس تعلیم کو مدنظر رکھنا چاہئے اور کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جس سے مسلم کمیونٹی یا پھر اسلام کے امیج کو کوئی نقصان پہنچے۔ ہم سب کو اپنے جزوی اختلافات کو بھلا کر اپنے ملک اور دین کی عزت کی خاطر اتحاد و اتفاق کا ثبوت دینا چاہئے۔
چوہدری محمد سرور ایم پی نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ آج اس تقریب میں تمام مسالک کے علماء موجود ہیں۔ ہمیں ایسے ہی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اس انتہائی احسن اقدام پر میں منہاج القرآن کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت عراق، افغانستان، غزا، لبنان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہماری نااتفاقی ہی کا نتیجہ ہے اور ہم باہم متحد ہو کر ہی اپنے تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔
اس کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹری محمد طاہر نے مہمان خصوصی ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا تعارف کروایا اور پھر انہیں خصوصی خطاب کی دعوت دی۔
صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہر ایک کو محبت، امن اور تعلیم کا پیغام دیتا ہے۔ اسلام کا پیغام محبت اس قدر وسیع ہے کہ انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ اسلام صرف مسلمانوں سے ہی نہیں بلکہ غیرمسلموں، جانوروں، چرند، پرند حتی کہ پودوں سے بھی محبت کا درس دیا ہے اور انہیں ناحق مارنے اور کاٹنے سے منع کرتا ہے۔ اور یہی سبق اس کا امن اور آشتی کے حوالے سے بھی ہے۔ جو دین جانوروں تک کو نقصان پہنچانے اور درختوں تک کو کاٹنے سے منع کرتا ہے وہ معصوم اور ناحق انسانی جانوں کو قتل کرنے کی تعلیم کس طرح دے سکتا ہے۔ اس لئے جو لوگ دین کے نام پر ناحق معصوم جانوں کو قتل کرتے ہیں اور اس کو دین کی خدمت سمجھتے ہیں ہمارے نزدیک نہ تو یہ دین کی خدمت ہے اور نہ ہی ایسا کرنے والے مسلمان کہلوانے کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن بھی اسلام کا یہی پیغام دنیا کے کونے کونے میں عام کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں جو خدمات شیخ الاسلام اور منہاج القرآن نے انجام دی ہیں ان جیسی کوئی دوسری مثال کہیں نظر نہیں آتی۔ گلاسگو میں قائم ہونے والا یہ سینٹر بھی ان شاء اللہ اسی پیغام کو علاقے بھر میں فروغ دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔
آخر میں درود و سلام کے بعد جامعہ اسلامیہ گلاسگو کے مہتمم اعلی علامہ محمد صدیق نقشبندی نے دعا کروائی۔
رپورٹ : محمد رفیق حبیب (ڈنڈی)
تبصرہ