وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی مورخہ 2 اپریل 2009ء کو انتقال کر گئے (انا للہ و انا الیہ راجعون)۔ ڈاکٹر محمد نذیر رومانی پنجاب یونیورسٹی، لاہور، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، ملتان اور قائد اعظم یونیورسٹی، اسلام آباد کے سابق وائس چانسلر جبکہ ہائر ایجوکیشن کمشن کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ ان کی تعلیم کے میدان میں اعلیٰ خدمات ہیں جو قابل تحسین ہیں۔ ان کی اچانک اور قابل افسوس وفات تعلیمی حلقہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی کی نمازہ جنازہ مورخہ 3 اپریل کو پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس، لاہور میں ادا کی گئی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، منہاج یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف بیسک سائنسز اینڈ میتھی میٹکس پروفیسر ڈاکٹر علی محمد، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نصیر اختر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد خان لودھی، رجسٹرار کرنل (ر) محمد احمد، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد سلیم احمد، کنٹرول امتحانات چودھری محمد یعقوب، منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ فرحت حسین شاہ، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، امیر پنجاب احمد نواز انجم، امیر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، نگران امورخارجہ نجم الثاقب اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کی مرکزی قیادت کے علاوہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ، طلبہ اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کے ساتھ اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ڈاکٹرمحمد نذیر رومانی کی ناگہانی وفات پر گہر ے رنج و الم کا اظہار کیا ہے اور اسے عالم اسلام اور شعبہ تعلیم کے ماہرین کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ شیخ الاسلام نے مرحوم کی علم کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی قبولیت اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کی طرف سے امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کے علاوہ تحریک کے دیگر مرکزی قائدین نے لواحقین سے تعزیت کی۔ یہاں مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے تحریک کے قائدین و کارکنان نے لواحقین کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
تبصرہ