جعلی ڈگریوں والے اراکین اسمبلی نے لاکھوں طلبہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے : ساجد ندیم گوندل

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگریوں والے اراکین اسمبلی نے لاکھوں طلبہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ افسوس اس ملک میں غریب طلبہ لاکھوں روپے خرچ کر کے ڈگریاں حاصل کرتے ہیں تا کہ باعزت روزگار کما سکیں اور ملک کی خدمت کر سکیں مگر اس ملک کے جعلی لیڈر جعلی ڈگریوں کی خریداری کر کے اس ملک کے مقدس ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نام نہاد دھوکے باز قومی لیڈروں پر مستقل سیاسی پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں نے اس اجتماعی مجرمانہ غفلت پر چپ سادھ لی ہے قوم کے ان سوداگروں نے ملک بیچ کر کوئی سودا طے کرنے کی کوشش کی تو لاکھوں طلبہ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہونگے قوم کو پڑھی لکھی، اہل اور محب وطن قیادت کی سخت ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔

تبصرہ