اہم خبریں

ریاست کو کمزور کرنے والے حکمرانوں کا علاج صرف اور صرف انقلاب ہے۔ جاوید اصغر ججہ

تھرپارکر کے 100 معصوم بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار کرپٹ اور ظالمانہ نظام ہے
نوجوان انقلاب کے یقین کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری کا دست و بازو بنیں

اسلام آباد( ) 9 مارچ 2014ء منہاج القرآن یوتھ لیگ راولپنڈی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر جاوید اصغر ججہ نے کہا ہے کہ ریاست کوکمزور کرنے والے حکمرانوں کاعلاج صرف اور صرف انقلاب میں مضمر ہے۔ پاک فوج کو دہشت گردوں کے ساتھ بٹھا کر مذاکرات کی بات کرنے والے حکمران ویژن، سیاسی بصیرت اور جرات سے عاری ہیں۔ ملک کے کونے کونے میں عدم تحفظ کے احساس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مرکزی حکومت دہشت گردوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مذاکرات مذاکرات کی رٹ کی ڈھٹائی پر قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر تحریک ابرار رضا ایڈووکیٹ، نو منتخب صدر یوتھ لیگ اسلام آباد سٹی سفیان صابر، عاطف محمودضیاء بٹ، غلام احمد، یاسررمضان، عامرشہزاد اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ تھر پارکر کے 100 معصوم پھول جیسے بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار کرپٹ اور ظالمانہ نظام انتخاب ہے جس نے صرف چند خاندانوں کو حق حکمرانی دے رکھا ہے۔ سندھ فیسٹول اور پنجاب میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے حکمرانوں کو صرف اقتدار اور لوٹ مار سے غرض ہے۔ نوجوان انقلاب کے یقین کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری کا دست و بازو بنیں۔ 2014ء انقلاب کا سال اورایک کروڑ افراد کی جماعت لٹیرے حکمرانوں کے خلاف قومی ریفرنڈم ہو گا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے انقلاب کی منزل پانے کے لئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو کمزور کرنے والے حکمرانوں کا علاج صرف اور صرف انقلاب ہے۔ رواں سال کو انقلاب کا سال بنانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ جس دن جماعت قائم ہو گی، کرپٹ حکمران خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔ فخرو بھائی کی سر پرستی میں ہونے والے نام نہاد غیر آئینی الیکشن کے بعد بننے والی مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی ‘‘کارکردگی’’ آئے روز نئے گل کھلاتی رہتی ہے۔

تبصرہ