جب ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہوگی اس دن ملک میں حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائیگا
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر جاوید اصغر ججہ نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر عوام اوران کے حقوق کے مابین خلیج بڑھتی جائے گی۔ اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری جماعت پاکستان کے ہر ڈویژن کو صوبہ بنانا چاہتی ہے، 35 صوبے ہی پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہیں، جس کے تحت صوبے کا نظم و نسق چلانے کے لئے وزیراعلیٰ کی بجائے ایک گورنر کافی ہوگا۔ 35 صوبوں کے قیام سے اختیارات حقیقی معنوں میں عوام تک منتقل ہو جائیں گے۔ حکمرانوں کی عیاشیوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ حکمران عوام کے خادم ہوں گے۔ جس دن ایک کروڑ نمازی جمع ہوں گے تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں اقامت کہ کر جماعت قائم ہوگی، جس دن جماعت قائم ہوگی ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کی عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان سے کم آبادی والے ممالک میں 50 سے 80 صوبے ہیں، وہاں ایک ہزار کے قریب ضلعی اور 3000 تک میونسپل حکومتیں قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس فرسودہ نظام میں پولیس کانسٹیبل، پٹواری اور تحصیل دار کی ٹرانسفر بھی وزیراعلیٰ کے بغیر نہیں ہوسکتی، ارتکاز وسائل کا ہو یا اختیارات کا معاشروں کو تباہی کی جانب ہی دھکیلتا ہے۔ نوجوان انقلاب کے لئے تیار ہو جائیں جب تک انقلاب نہیں آئے گا ملک کے عوام کا مقدر نہیں بدل سکتا۔
تبصرہ