موجودہ جمہوریت میں نوجوان نسل کی کوئی شراکت نہیں۔ منصور اعوان

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ راولپنڈی کے صدر منصور اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوریت میں نوجوان نسل کی کوئی شراکت نہیں، جسکی وجہ سے ان کی صلاحتیں ضائع ہو رہی ہیں اور وہ ملکی معاملات سے لاتعلق ہو رہے ہیں۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے تعلیم ، صحت، کھیل، روزگار، مواصلات اور ٹرانسپورٹ جیسے کئی اہم شعبہ جات نجی تحویل میں جا کرمحض کاروبار بن چکے ہیں۔ جعلی ڈگریاں رکھنے والوں کو اقتدار جبکہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری کی آگ میں جل رہے ہیں۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کو اپنی کارکردگی قرار دے کر حکمران اپنا قد مزید کم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں یوتھ ونگ کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے جملہ عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔

منصور اعوان نے کہا کہ ملکی معیشت عالمی استعمار کے چنگل میں ہے۔ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود آلو، ٹماٹر اور چینی تک بھارت سے خریدنے پر مجبور ہو چکا ہے۔ جن سیاست دانوں کو نوجوانوں نے کندھوں پر بٹھا کر حکومت میں بھیجا، وہ نسل نو کی بجائے اپنا مقدر سنوارنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی اگلی نسلوں کو اقتدار کیلئے تیار کر رہے ہیں۔ حکومت کی طرف اپنی نوجوان نسل کو نظر انداز کرنا پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے پیغام کو ہرنوجوان تک پہنچائیں گے۔ سیمینار سے جنرل سیکرٹری عمر ممتاز، نائب صدر وسیم خٹک اور ناظم دعوت طاہر حنیف نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ