پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس ہمارے مجرم ہیں،مجرموں کو کٹہرے میں لانے تک احتجاج جاری رکھیں گے
اسلام آباد (28 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہاہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے۔ قانون کے رکھوالے قانون توڑنے والے، حکمرانوں کے آلہ کار اور عوام کے قاتل بن گئے۔ نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، آئی جی اور توقیر شاہ سانحہ ماڈل ٹائون میں براہ راست ملوث ہیں۔ پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس ہمارے مجرم ہیں۔ مجرموں کو کٹہرے میں لانے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیاسیل میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سفیان صابر، منصور قاسم، شیخ اقبال، منصور نیازی، کامران متین، وسیم خٹک اور دیگر بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن بہت جلد آنے والا ہے جب قاتل سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، قتل کبھی چھپ نہیں سکتا یہ ظلم و بر بریت اور پولیس گردی کا واقعہ ہے، جس کو میڈیا کے ذریعے پوری دنیا اور پاکستان بھر میں براہ راست دیکھا گیا۔ نہتے لوگوں پر گولیوں کی برسات کر دی گئی۔ بے حسی کی انتہا ہے۔ ظلم کی داستان رقم کرنے والے دندناتے پھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود کاروائی کا نہ ہونا ایف آئی آر درج کروانے والوں کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔ ڈسکہ میں دہشت گرد پنجا ب پولیس کے ہاتھوں وکلاء کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شہبازحکومت کی کھلی دہشت گردی، ظلم و بربریت پر مبنی سفاکانہ کاروائی قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مجرموں کو سزا نہ ملنے کے باعث پنجاب پولیس اب احتجاج کرنے والوں کو اپنی بربریت اور جارحیت کانشانہ بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد سانحہ ڈسکہ پنجاب حکومت کی ریاستی دہشت گردی کا تسلسل ہے۔ جس کا منطقی انجام حکمرانوں کے گلے میں پھندا بن کر سامنے آئے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد نابینوں اور معذوروں پر لاٹھی چارج، معصوم اور کم عمر طالب علموں پر لاٹھی چارج، خواتین اور ڈا کٹروں کیساتھ ناروا سلوک اور اب ملک کے پڑھے لکھے طبقے پر ظلم و بربریت پولیس گردی کے ذریعے ملک کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ یہ تمام عوامل پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔
تبصرہ