رانا ثناء اللہ ڈیل کی افواہیں پھیلا کرماڈل ٹاؤن قتل و غارت گری کے موضوع کو بدلنا چاہتے ہیں
لاہور (2 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے رانا ثناء اللہ کے دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے حکومت اور عوامی تحریک کے درمیان کسی خفیہ ڈیل کے ذو معنی بیان پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ رانا ثناء اللہ کو دو نمبر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد جس شرمناک طریقے سے کابینہ میں دوبارہ شامل کیا گیا اس پر سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا نے شدید تنقید کی اور اسے ایک بھونڈا اقدام قرار دیا اور یہ تنقید ابھی جاری ہے، اس تنقید سے گھبرا کر رانا ثناء اللہ اور حکومتی کارندے ایک بار پھر ڈیل کی افواہیں پھیلا کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری کے موضوع کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ میں رتی برابر بھی شرم ہے تو وہ ڈیل کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری بارہا ڈیل کرنے اور اسکی افواہیں پھیلانے والوں پر لعنت بھیج چکے ہیں یہ کیسی ڈیل کی تہمت ہے کہ جس میں ہم اپنے سینکڑوں کارکنان کو جھوٹے مقدمات سے رہائی بھی نہ دلوا سکے جنہیں عدالتوں سے آئے روز سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر توقیر نے سلطانی گواہ بننے کی دھمکی دی تھی جس کی وجہ سے ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری کے ان راز دان معاون قاتلوں کو قاتل اعلیٰ نے ترقیاں دیں۔ ایک قاتل کو سفیر بنا کر جنیوا بھجوا دیا گیا اور دوسرے قاتل کو دوبارہ کابینہ میں شامل کر لیا گیا۔
تبصرہ