عوامی تحریک کالوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان‎

لوڈ شیڈنگ نے زندگی کا پہیہ جام کر دیا، حکمران انرجی بحران ح کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے
‎26 جون سے بڑے شہروں میں پریس کلب کے باہرمظاہرے ہونگے، ڈاکٹر رحیق عباسی

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس مرکزی ڈاکٹر رحیق عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں جان لیوا لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا فیصلہ کیا گیا۔ لوڈ شیڈنگ کے خلاف یہ مظاہرے پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں پریس کلب کے باہر ہونگے، اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں عوامی تحریک کی تمام ضلعی تنظیموں کو مظاہرے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ غریب عوام، صنعتی مزدور، تاجر، دوکاندار، روزہ دار لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تڑپ رہے ہیں جبکہ وفاقی وزرا انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں پھبتیاں کسنے اور مذاق اڑانے میں مصروف ہیں۔ اتنی نالائق اور نکمی حکومت پاکستان کے عوام نے آج تک نہیں دیکھی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ حکومت 2سال میں بھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔ زندگی کا پہیہ عملا مفلوج ہو چکا ہے۔ کاروبار بند، راتوں کی نیندیں حرام اور روزہ داروں کیلئے سحر و افطار کے موقع پر بھی بجلی غائب ہے۔ پانی و بجلی کے وزیر ہر روز لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں اب قوم بے بس اور مجبور ہو کر سڑکوں پر آ رہی ہے۔ قوم جان چکی ہے کہ موجودہ حکمران باتوں کے نہیں لاتوں کے بھوت ہیں‎۔

تبصرہ