اللہ پاکستان کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرے: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست نے جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی‎
اسلام کی روح اور ایمان کا خلاصہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے، مختصر خطاب، نمازیوں سے گفتگو

لاہور (3 جولائی 2015) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نماز جمعہ جامع المنہاج میں ادا کی، نماز جمعہ کے بعد انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے رفقاء، ممبران، عہدیداروں اور سینکڑوں نمازیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پرانہوں نے بتایا کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس سے بھی نوجوان تفہیم دین کیلئے شہر اعتکاف کا حصہ بننے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کاتعارف بھی کروایا اور کہا کہ رمضان المبارک کے آخری مبارک عشرہ میں ایمان اور یقین کے موضوع پر سیر حاصل بات ہو گی۔ اسلامیان پاکستان ان مبارک ایام کیلئے وقت نکالیں اور شہر اعتکاف کا حصہ بنیں۔

انہوں نے اس موقع پر مختصر خطاب بھی کیا اور کہا کہ اس وقت عالم اسلام بالخصوص پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرے اور پڑھے لکھے، باہمت نوجوانوں سے اپنے دین کی سربلندی کا کام لے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی روح اور ایمان کا خلاصہ نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے۔ نماز پنجگانہ اور جملہ فرائض انجام دینے والا ہر مومن جنت میں جائے گا لیکن قرب الٰہی پانے والے اولیائے اللہ اور محبان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہونگے جنہیں جنت میں رب کائنات کا صبح و شام دیدار نصیب ہو گا اور اہل تقوی ان اولیائے اللہ اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرے جنت میں دیگر جنتیوں سے زیادہ روشن ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ باطن کی پاکیزگی اور قرب الٰہی حاصل کرنے کا نایاب ذریعہ ہے۔ کلمہ گو مسلمان روزہ کی برکت سے باطن کی پاکیزگی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تمام عبادات کی روح ہے۔

نماز جمعہ کا خطبہ علامہ ارشاد احمد سعیدی نے دیا جبکہ دعا صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کروائی۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے درجات بلند کرے اور گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کا شکار ہونے والے افواج پاکستان کے شہید افسران و اہلکاروں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء کرے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، علامہ ارشاد احمد سعیدی، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، قاضی فیض الاسلام سمیت بڑی تعداد میں عہدیداروں وکارکنان نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہمراہ جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی۔

تبصرہ