عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ضرب امن وتبدیلی نظام سائیکل کاروان‘‘ ملک کے 50 بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 4 دسمبر کو لاہور پہنچے گا

پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماء دوپہر 12 بجے لاہور پریس کلب کے سامنے استقبال کریں گے

لاہور (02 دسمبر 2016) عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ضرب امن وتبدیلی نظام کاروان‘‘ ملک کے 50 بڑے شہروں سے ہوتا ہوا کل 4 دسمبر (اتوار) کو لاہور پہنچے گا، کاروان کا دوپہر 12 بجے لاہور پریس کلب کے سامنے فقید المثال استقبال کیا جائے گا، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن، مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، مزدور، طلباء، وکلاء اور کسان رہنما ضرب امن کاروان کا استقبال کریں گے، امن کاروان میں شامل درجنوں سائیکل سواروں نے سبز ہلالی پرچم تھامے ہوں گے، وہ امن، محبت اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں اور معصوم شہریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

کاروان کے استقبال اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، اجلا س میں اشتیاق حنیف مغل، عمر اعوان، شیخ عتیق الرحمن، ساجد اصغر، حافظ صفدر علی ودیگر موجود تھے۔

حاجی فرخ نے کہا کہ یوتھ ونگ کے امن کاروان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، کاروان کا مقصد اور پیغام یہ ہے کہ قیام امن اور نظام کی تبدیلی کے لیے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب امن کاروان میں شامل نوجوان شہر شہر پیغام دے رہے ہیں کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یا د رکھتی ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولتیں، سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچے ہمارا فخر ہیں، کاروان 16 دسمبر کو پشاور پہنچ کر شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج تحسین پیش کرے گا، انہوں نے کہا کہ امن کاروان لاہور پہنچے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والوں کے لیے انصاف اور قصاص کا مطالبہ کرے گا، امن کاروان ملک کو نا انصافی، بے روز گاری اور دہشت گردی کا تحفہ دینے والے حکمرانوں اور فرسودہ نظام کو بدلنے کا مطالبہ کرے گا۔

تبصرہ