کتب بینی ذہنوں کے بند دریچے کھولتی ہے: صدر منہاج یوتھ لیگ

کتب بینی کے لیے لوگوں کی کتب تک رسائی کو آسان بنانا ہو گا: مظہر محمود علوی
کتب خانے قوم کی شان کے مظہر ہوتے ہیں: یوتھ لیگ کے اجلاس سے خطاب
منہاج یوتھ لیگ یوم تاسیس پر کتاب دوستی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے تقریبات منعقد کریگی
’’ ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے ملک بھر میں یوتھ سیمینارز منعقد کیے جائیں گے
لاہور، اسلام آباد، رحیم یار خان سمیت ملک کے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد کرنیکا فیصلہ

لاہور (22 نومبر 2019ء) منہاج یوتھ لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس پر کتاب دوستی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک کے تمام بڑے شہروں میں ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے یوتھ سیمینار اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔ 30 نومبر کو اسلام آباد شاہ لطیف بھٹائی آڈیٹوریم میں مرکزی تقریب منعقد ہو گی، 8 دسمبر کو اٹک، 12 دسمبر کو لاہور، 24 نومبر کو رحیم یارخان، ملتان، سکھر، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، اہم سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماء، وفاقی و صوبائی وزراء سمیت نوجوان بڑی تعداد میں تقریبات میں شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نے ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یوم تاسیس کی تقریبات کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں اہم رہنماؤں سے رابطوں کے لیے دعوتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کتب بینی کو فروغ دینے کے لیے منہاج یوتھ لیگ اہل علم، حکومت اور عوام سے اپیل کرے گی کہ ہر تحصیل اور ضلع میں بزم کتاب کے نام سے تنظیم قائم کی جائے۔ حکومت اور عوام کو لائبریریوں، کتب خانوں پر توجہ دینے کی اپیل کی جائے گی۔ منہاج یوتھ لیگ یونین کونسل سطح تک پبلک لائبریریوں کے قیام کیلئے جدوجہد کرے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے مزید کہا کہ منہاج یوتھ لیگ ہر ماہ کتاب دوستی کے نام سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریب منعقد کرے گی۔

مظہر علوی کا مزید کہنا تھا کہ کتب بینی ذہن کو تازگی، روح کو بالیدگی اور خیالات کو تازگی بخشتی ہے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہزاروں موضوعات پر جدید تحقیق اور عصری تقاضوں کے مطابق سینکڑوں کتب لکھ کر آنے والی صدیوں کے نوجوانوں کے لیے علمی ورثے کو محفوظ کر دیا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کوشاں ہے کہ نئی نسل کتاب دوستی کی طرف راغب ہو، کتب بینی کے لیے لوگوں کی کتب تک رسائی کو بھی آسان بنانا ہو گا۔ کتب بینی ذہنوں کے دریچے کھولتی ہے، کتب خانے قوم کی شان کے مظہر ہوتے ہیں، ہمیں کتب خانے آباد کرنے ہیں تاکہ تہذیب کو استحکام ملے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن مصطفوی، محسن شہزاد، محمد ذیشان، حاجی فرخ و دیگر رہنما شریک تھے۔

تبصرہ