کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار ناگزیرہے، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ
ملکی آبادی کا 64 فیصد طبقہ جو نوجوانوں پر مشتمل ہے ان کو درپیش مسائل پر بھی بات ہونا چاہیے
تعلیم امن پسند خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب
منصور قاسم اعوان، عمر قریشی، انعام مصطفوی، محسن مشتاق اور محسن شہزاد مغل نے بھی خطاب کیا
لاہور (16 ستمبر 2020ء) منہاج یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو کونسل کااجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار ناگزیرہے، خوش قسمتی سے پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جن کی آدھے سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ کرپشن، بیروزگار ی، صحت، تعلیم اور غربت جیسے مسائل کا حل بھی ضروری ہے لیکن ملکی آبادی کا 64 فیصد طبقہ جو نوجوانوں پر مشتمل ہے ان کو درپیش مسائل پر بھی بات ہونا چاہیے۔ اقرباپروری، میرٹ کا نہ ہونا جیسے مسائل نے آج کے نوجوان کی تخلیقی صلاحیت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ دنیا سائنس کی ٹیکنالوجی کی نئی ایجادات پر بات کررہی ہے اور ہمارے ملک میں ابھی تک بہتر کیریئرکونسلنگ اور یوتھ پالیسی تک نہیں بنائی جا سکی۔
مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے پالیسیاں مرتب ہونی چاہئیں، بہتر پروگرامز اور ٹریننگ شروع کی جائے، ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داریوں میں یکساں معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم امن پسند خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی کردار سازی کی ایک عالمگیر تحریک ہے، قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر اور تحقیق نے نوجوانوں پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔ اجلاس سے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، نائب صدر عمر قریشی، انعام مصطفوی، محسن مشتاق اور سیکرٹری سوشل میڈیا محسن شہزاد مغل نے بھی خطاب کیا۔ مظہر محمود علوی نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد انتہا پسندی کے خاتمے، پرامن خوشحال معاشرے کے قیام کے لئے ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جائے، موثر نمائندگی دی جائے۔ حکومت کرپشن، دہشتگردی کے خاتمے اور بیروزگاری کے سدباب کے لئے نوجوانوں کو مشاورتی عمل میں شامل کرے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
تبصرہ