نوجوانوں کا فعال کردار ہی قومی ترقی کا ضامن ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے نوجوانوں کو قوم کا مستقبل قرار دیا
ڈاکٹر طاہرالقادری چار دہائیوں سے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں
جوانی میں رجوع الی اللہ بڑی سعادت اور انبیا کرام علیہم السلام کی سنت ہے: چیئرمین سپریم کونسل
مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے منہاج یوتھ لیگ کی 5 سالہ کاکردگی رپورٹ پیش کی

لاہور (4 نومبر 2020) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتی ہے، جس قوم کے نوجوان بیدار اور باشعور ہوں اس قوم کا مستقبل محفوظ ہوتا ہے۔ نوجوانوں کا فعال کردار ہی قومی ترقی کا ضامن ہے۔ نوجوان نسل ہی صحیح معنوں میں کسی بھی قوم کی افرادی قوت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے نوجوانوں کو قوم کا مستقبل قرار دیا ہے، انہوں نے نوجوانوں کو کام، کام اور کام کے ساتھ ساتھ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصول بھی عطا کئے۔ حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شاعری کا ایک قابل ذکر حصہ نوجوانوں کیلئے مختص کیا۔ نوجوان نسل ہی کسی بھی قوم کی نظریاتی اور عملی طور پر محافظ ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، عمر قریشی، ہارون ثانی، انعام مصطفوی، محسن مشتاق، عبد الحنان طاہر، اسماعیل انعام، محمد ذیشان، محسن شہزاد و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کو اولیت دینا ہو گی، جوانی میں رجوع الی اللہ بڑی سعادت اور انبیا کرام علیہم السلام کی سنت ہے۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری چار دہائیوں سے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور اخلاق سنوارنے کیلئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ الحمدللہ منہاج یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوان آج کے نفسا نفسی کے دور میں اللہ کے حضور گریہ و زاری کرتے ہیں اور عشق مصطفی ﷺ کی شمع کو اپنے سینوں میں منور کئے ہوئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن دستیاب وسائل اور توانائی سے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے عظیم مقصد کو پورا کرنے کیلئے شب و روز کوشاں ہے اور اس کوشش کے مثبت ثمرات بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نے انتہا پسندانہ سوچ کے خاتمے کیلئے ضرب امن مہم، کتاب دوستی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے اصلاح و احوال اور اصلاح معاشرہ کیلئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن اور مشن کو ملک کے کونے کونے تک پہنچا رہی ہے۔ اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے منہاج یوتھ لیگ کی 5 سالہ کارکردگی رپورٹ چیئرمین سپریم کونسل کو پیش کی جسے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بے حد سراہتے ہوئے مظہر محمود علوی اور یوتھ لیگ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

تبصرہ