منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے "نوجوان پاکستان کا مستقبل" تقریب کا انعقاد، نائب ناظمِ اعلیٰ تنظیمات، انجینئر محمد رفیق نجم کا تقریب سے خطاب
ان کا کہنا تھا کہ قوموں کا عروج و زوال صرف مادی وسائل یا اعمال سے نہیں بلکہ فکر، نظریہ اور کردار سے ہوتا ہے۔ اگر نوجوان اپنے اندر وہی فکری پاکیزگی، کردار کی مضبوطی اور مقصدیت پیدا کر لیں جو ہمارے پیارے نبی ﷺ کی سیرت میں جھلکتی ہے تو وہ دنیا کی سب سے کامیاب اور باوقار قوم بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ 1500 سال پیچھے جا کر اس دورِ نبوی ﷺ کی سیرت اور طرزِ حیات کو دیکھیں، جہاں ایمان، صداقت، عفت، حیا، عدل اور خدمتِ خلق کا حسین امتزاج تھا۔ نوجوانی ایک قیمتی سرمایہ ہے اور حقیقی نوجوان وہ ہے جو اپنی زندگی کو خود سنوارتا اور اسے مقصد و ہدف سے مزین کرتا ہے۔ نبی کریم ﷺکی جوانی آج کے نوجوانوں کے لیے کامل رول ماڈل ہے، کیونکہ آپ ﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، کسی پر ظلم نہیں کیا اور کبھی کسی عورت کو غلط نگاہ سے نہیں دیکھا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جھوٹ، فریب اور بے حیائی نوجوان نسل میں عام ہوتی جا رہی ہے۔ یہ رویے ان کی شخصیت اور مستقبل کو برباد کر رہے ہیں۔ اگر ہم اپنی سوچ اور کردار کو بدل لیں تو نہ صرف اپنی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ پوری قوم کے مستقبل کو بھی تابناک بنا سکتے ہیں۔انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوانوں کو صرف ایک کامیاب اور ہنر مند شخص نہیں بلکہ ایک باکردار، باعمل اور اچھا مسلمان دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وہ سوچ ہے جو معاشرے کو امن، محبت اور ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔
تبصرہ