منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20ویں یوم تاسیس کی عظیم الشان تقریب

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20ویں یوم تاسیس کے موقع پر مورخہ 30 نومبر 2008ء بروز اتوار صبح 10 بجے ایوان اقبال کمپلیکس لاہور آل پاکستان یوتھ سمینار میں منعقد ہوا۔ یہ سیمینار منہاج القرآن یوتھ لیگ اور اقبال اکیڈمی پاکستان کے زیراہتمام ہوا جس کا عنوان شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر کا موضوع "اسلام تیرا دیس ہے تو مصطفوی ہے" تھا۔

سیمینار کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محترم بلال مصطفوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں محترم شیخ زاہد فیاض، محترم جی ایم ملک، محترم جاوید اقبال قادری، محترم احمد نواز انجم، محترم ساجد بھٹی، محترم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، محترم جواد حامد، محترم ذیشان بیگ اور محترم ساجد گوندل شامل تھے۔ اس کے علاوہ یوتھ کیبنٹ معزز ممبران محترم بابر علی چوہدری محترم انجینئر اعجاز واڑئچ، محترم طیب ضیاء، محترم میاں کاشف محمود، محترم زاہد بیگ، محترم اقبال یوسف اور محترم عمران بھٹی بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

مورخہ 30 نومبر کو لاہور کے مال روڈ اور ایوان اقبال کی طرف جانے والے مین راستوں کو خوبصورت بینروں سے سجایا گیا تھا۔ ملک بھر سے یوتھ لیگ کے تحصیلی قائدین اور کارکنان علی الصبح ایوان اقبال میں پہنچنا شروع ہوچکے تھے، 11 بجے دن ہال پرعزم نوجوانوں سے بھر چکا تھا۔

سیمینار کا باقاعدہ آغاز منہاج القرآن یو تھ لیگ کے معروف قاری محترم کاشف چشتی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ ملک کے معروف ثناء خوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترم شہزاد حنیف مدنی نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ کمپئرنگ کے فرائض محترم اشتیاق حنیف مغل نے سرانجام دیے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سینئر نائب صدر محترم منصور بلال علوی نے استقبالیہ کہتے ہوئے ملک بھر کے تمام عہدیداران، کارکنان، معزز مہمانوں، صحافیوں اور انتظامیہ کے افراد کو خوش آمدید کہا اور یوتھ لیگ کے 20 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اس دوران منہاج القرآن یوتھ لیگ کی 20 سالہ خدمات کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ صوبہ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے میاں کاشف محمود (ممبر یوتھ کیبنٹ) نے پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اقبال دی دھرتی اے تے اس دھرتی اتے امن، رواداری، برداشت، تعمیر وطن تے سماج دی اصلاح دا بیڑہ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے چکیا اے۔ پنجاب دے وچ یوتھ لیگ دے شیرجواناں دی خدمات نوں سلام پیش کرنے آں۔

سندھی اور بلوچی میں صوبہ سندھ اور بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے محترم حفیظ اللہ بلوچ جبکہ صوبہ سرحد اور آزاد کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے محترم ضیاالرحمن خان نے اپنے اپنے خطاب میں سندھ، بلوچستان، سرحد اور آزاد کشمیر میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے دی جانے والی خدمات کی رپورٹ پیش کی۔

سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ محترم چوہدری ظہیر عباس گجر نے گذشتہ سال کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں 11 مثالی تنظیمات کے لیے 4 مثالی ناظمین کے لیے جبکہ 4 مثالی کارکنان کے لیے حسن کارکردگی شیلڈز اور مصطفوی تمغوں کا اعلان کیا۔ ان مثالی تنظیمات میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، سیالکوٹ، بہاولپور، شیخوپورہ، ہزارہ اور کراچی کی تنظیمات شامل ہیں۔ جبکہ 4 مثالی ناظمین میں محترم سہیل عباسی (ناظم یوتھ راولپنڈی)، محترم عمران بھٹی ( ناظم یوتھ لاہور)، محترم میاں کاشف محمود (ناظم یوتھ فیصل آباد) اور محترم ملک امجد محمود چاند ( ناظم یوتھ سیالکوٹ) اور 4 مثالی کارکنان میں محترم منظور رحمانی ( بہترین میڈیا کوریج)، محترم بلال علی قادری (ویب سائیٹ ڈیزائنگ)، محترم میاں ماجد حیات (فنانشل مینجمنٹ) اور (موبائل ملٹی میڈیا) میں بہترین کارکردگی پر مصطفوی میڈلز دئیے گئے۔

تقسیم انعامات کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر محترم بلال مصطفوی کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے اقبال اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس یوتھ سیمینار کے انعقاد کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کی 20 سال سے نوجوانوں کی ویلفیئر، اصلاح معاشرہ اور ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے دی جانے والی بے مثال خدمات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے متحرک قومی یوتھ پالیسی بنا کر اس پر عملدرآمد کرائیں تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے ملک کو بھرپور فائدہ ہو اور نوجوان ملک میں اپنا مستقبل محفوظ سمجھیں اور تعمیر وطن میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے داعین یاد رکھیں کہ پاکستان کے نوجوان پرامن ہیں رواداری اور برادشت کے کلچر کے تحت جیو اور جینے دو کے اصول پر امن اور اصلاح معاشرہ کا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، اس کے نوجوانوں کے خلاف ہونے والے ہر پراپیگنڈے کو روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان حصول علم اور فروغ علم کے لیے مصروف عمل ہیں، ان کی صلاحتیں دنیا بھر کے نوجوانوں سے کسی طرح بھی کم نہیں ہیں بلکہ بڑھ کر ہیں۔ ہمیں آج کے دن یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم اصلاح معاشرہ اور ملکی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر تمام نوجوانوں نے اپنی نشتوں پر کھڑے ہو کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کو سلام پیش کیا کہ شیخ الاسلام نے نوجوانوں کے لیے پرامن پلیٹ فارم منہاج القرآن یوتھ لیگ کا قیام کر کے نوجوانوں پر بہت بڑا احسان کیا ہے جس سے منسلک نوجوان امن رواداری اور تشکیل کردار کا کام کررہے ہیں۔

تقریب کے آخر پر مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20ویں یوم تاسیس کے موقع پر تمام قائدین و کارکنان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی اصلاح اور تعمیر وطن کے حوالے سے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ان شاء اللہ پرعزم نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی اور فروغ علم وامن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تقریب کے آخر پر رضی بینڈ نے کلام اقبال پیش کیا اور یوتھ ترانے کی گونج میں کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ