طلبہ کا اسلحہ علم اور کردار ہونا چاہیے : تجمل حسین

تعلیم کے بغیر قومیں ترقی نہیں کر سکتیں لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اور صرف تعلیم کا حصول ہے
مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین کا سیمینار سے خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گزشتہ سولہ سالوں سے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم اور فروغ امن کے لیے کوشاں ہے۔ ہمارا مقصد اعلی تعلیمی معیار اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلبہ تک پہنچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں منعقدہ ’’فروغ امن سیمینار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر میں باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شعور کے لیے اچھے ماحول میں تعلیم و تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ یونین کی بحالی کے حق میں ہیں مگر کسی بھی گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ تعلیمی اداروں کا ماحول خراب کرے اور وہاں کے پرامن ماحول سے کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنا رشتہ اسلحہ کی بجائے کتاب سے جوڑیں اور معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔

ساجد گوندل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم نے ہمیشہ اعلی انسانی اقدار کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایم ایس ایم طلبہ میں فروغ امن کے لیے رواداری اور الفتوں کا پیغام عام کر رہی ہے۔

ضمیر مصطفوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لٹریچر ہمارے لیے زاد راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اور صرف تعلیم کا حصول ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں طلبہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

فروغ امن سیمینار میں عمیر مصطفوی، وسیم بلوچ، چوہدری علی رضا، منصور عارف، بلال مصطفوی اور دیگر کارکنان نے شرکت کی۔ امن سیمینار میں طلبہ تنظیموں اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ