تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ "بڑی" سیاسی جماعتوں کے قائدین نے "چھوٹی" حرکتیں شروع کر دی ہیں اور یہی ان کا اصل "میثاق جمہوریت" ہے۔ الزام تراشی کی سیاست میں ہی دونوں پارٹیوں کی بقا ہے۔ ملک میں گذشتہ 30 سالوں سے سیاسی ڈرامے ہو رہے ہیں۔ اب پھر ایک دوسرے کے خلاف گھٹیا زبان بولی جا رہی ہے جو طے شدہ سکرپٹ کا حصہ ہے۔ ملک میں دوبارہ 1990ء کا ماحول پیدا کر دیا گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل، ایم ایچ شاہین، جواد حامد اور زاہد جاوید کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سے مقتدر طبقے اور اپوزیشن دونوں کو کوئی غرض نہیں ہے۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی پلاننگ نہیں ہو رہی اسلیئے عوام سمجھ جائیں کہ عوام ان پارٹیوں کی کسی آپشن میں شامل نہیں ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ عوام اس نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جس نے نام نہاد بڑے بڑے سیاستدانوں کو تحفظ دے رکھا ہے۔ نظام کی تبدیلی کے بغیر سیاسی بازیگر عوام کو دھوکہ دیتے رہیں گے اور ملک اور عوام خوشحالی کو ترستے رہیں گے اسلیئے ضروری ہے کہ عوام استحصالی نظام کا بوریا بستر لپیٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ عوام کی اکثریت نے اب بھی مجرمانہ خاموشی برقرار رکھی تو انہیں روز حشر اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔
تبصرہ