کراچی میں نہ رکنے والی ٹارگٹ کلنگ کی لہر قومی یکجہتی اور معیشت کیلئے خطرناک ہے : شیخ زاہد فیاض

عوام کے فنڈز ہڑپ کرنے والے خدا اور عوام دونوں کے مجرم ہیں
لسانیت، صوبائیت اور مذہبی و سیکولر انتہا پسندی نے ہمارے ملک کے امن کو گہنا دیا : بابر چودھری
یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے مقررین کا خطاب

عوام کے فنڈز ہڑپ کرنے والے خدا اور عوام دونوں کے مجرم ہیں۔ قرض پر پلنے والی قومیں ترقی نہیں تنزلی کی طرف بڑھتی ہیں۔ آزاد ملک ہونے کے باوجود ہمارے فیصلے پارلیمنٹ کی بجائے کسی اور جگہ ہوتے ہیں۔ ملک میں اہل قیادت کا فقدان ہے جس وجہ سے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ چودھری بابر علی نے کی۔ یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس میں خیبر پختونخواہ سے ملک نوید اعوان، آزاد کشمیر سے عبدالرب جان، بلوچستان سے ملک ایاز، سندھ سے راؤ طیب اور کاشف محمود کے علاوہ یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوانوں نے ملک بھر سے شرکت کی۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں نوجوانوں کو ملک کیلئے اسی کردار کو نبھانا ہے جو تحریک پاکستان کے وقت تھا کیونکہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کراچی میں نہ رکنے والی ٹارگٹ کلنگ کی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی یکجہتی اور معیشت کیلئے خطرناک قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پہلے ہی خراب ہے اور ملک کا اہم ترین شہر بھی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی زد میں ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر یوتھ لیگ بابر علی چودھری نے کہا کہ عوام سندھ اور وفاقی حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی کا شکار کیوں ہیں۔ عدم تحفظ کے شدید ترین احساس نے زندگی کے حسن کو چاٹ لیا ہے۔ عوام کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لسانیت، صوبائیت اور مذہبی و سیکولر انتہا پسندی نے ہمارے ملک کے امن کو گہنا دیا ہے۔

بابر چودھری نے کہا کہ کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد اور گروہوں کو مصلحتوں سے بالاتر ہو کر کڑی سزا دی جائے تا کہ ملک امن سے کھیلنے کا گھناؤنا کھیل ختم ہو سکے۔ انہوں نے کہ نوجوان نظام کے خلاف بیداری شعور مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ ملک و قوم کے حالات سنور سکیں۔

یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے اشتیاق حنیف مغل، طیب ضیاء، امجد جٹ اور کاشف نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ