پنجاب پولیس شہریوں کو قتل کر رہی ہے، راولپنڈی واقعہ انتہائی شرمناک ہے، عوامی تحریک

جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے، مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی واقعہ کی مذمت‎
کوئٹہ باچا خان چوک دہشت گردی کی مذمت، حکمران عوام کے تحفظ میں ناکام ہو گئے‎

لاہور (07 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے راولپنڈی میں پولیس گردی کا شکار ہونیوالے دو بھائیوں کی اموات پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی آشیر باد سے پنجاب پولیس انسانوں کا شکار کر رہی ہے، لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو میٹرو بس کے قصے سنانے سے فرصت نہیں۔ جس معاشرے میں تحفظ دینے کے ذمہ دار ادارے جانیں لینا شروع ہو جائیں تو وہاں کی حکومت کو میٹرو بس کے نیچے دے دینا چاہیے۔ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ظلم اور قتل و غارت گری کا نوٹس لے لیا جاتا تو ڈسکہ اور راولپنڈی جیسے اندوہناک واقعات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے حد سے بڑھے مظالم نہ روکے گئے تو پھر خانہ جنگی ہو گی اور ظلم کے ستائے لوگ تھانوں پر حملہ کریں گے اور پھر کالی وردی پہن کر باہر نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک غم کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ خاندان کے ساتھ ہے اور مطالبہ کرتے ہیں نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے قاتل پولیس والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے کہ پولیس اہلکاروں نے مطلوبہ رشوت نہ ملنے پر نوجوانوں کو قتل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثناء اللہ کی تربیت یافتہ پولیس ایک مافیا کا روپ دھار چکی ہے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کوئٹہ باچا خان چوک میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نیتجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے کی بجائے صرف مذمتی بیانات جاری کرنے تک محدود ہے، انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانی جانیں لینے والوں کو کٹہرے میں لانے کیلئے تمام ریاستی وسائل اور طاقت بروئے کار لائی جائے، حکمران امن عامہ کو بہتر بنانے میں ناکام ہو گئے۔

تبصرہ