3 ستمبر کے احتجاج میں نوجوانوں کی بڑی تعداد احتجاج میں شرکت کرے گی، مظہر علوی

عوامی تحریک یوتھ ونگ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ملک دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہیں

لاہور (یکم ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ 3 ستمبر کے احتجاج میں عوامی تحریک کے نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، دیگر جماعتوں کی یوتھ کو بھی قصاص و سالمیت پاکستان تحریک میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں، یہ انصاف اور پاکستان کے تحفظ کی جدوجہد ہے، یوتھ کی نما ئندگی ریکارڈ ساز ہو گی۔ آج کا نوجوان ملک کی سالمیت کے دفاع اور اس پر ہونے والے حملوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے جان لیں نوجوان ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ملک دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ وہ 3 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والے قصاص و سالمیت پاکستان مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بھی منصور اعوان، حافظ وقار، عصمت علی، محمد شعیب اور محمد رضا بھی موجود تھے۔ مظہر علوی نے کہاکہ عوامی تحریک یوتھ ونگ نوجوانوں میں پاکستان سے محبت، انتہا پسندی اور دہشتگردی سے نفرت اور شعور و آگہی کے چراغ جلا رہی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو انصاف دلانے اورقصاص کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرہ