تقریب بسلسلہ یوم تاسیس مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے چودھویں یوم تاسیس کی تقریب مورخہ 6 اکتوبر کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، امیر پنجاب احمد نواز انجم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ناظم ویلفیئر ڈاکٹر شاہد محمود، ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، سید علی رضا رضوی اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی قائدین کے علاوہ کثیر تعداد میں طلبہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے یوم تاسیس کی پروقار تقریب منعقد کرنے پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلبہ امن، کردار، سائنس، ٹیکنالوجی اور روحانی اقدار کی بحالی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔  آج طلبہ کو اپنے سیرت و کردار اور علم و ٹیکنالوجی سے علم دنیا کو دوبارہ حکمرانی کے قابل بنانا ہوگا۔ ایسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور مستقبل میں عالم اسلام اور اقوام عالم کی قیادت کے لیے خود کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم مقصد کے لیے آپ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ہراول دستہ کا حصہ بنیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو کامیابی عطا فرمائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ذیشان بیگ نے کہا کہ ایم ایس ایم طلبہ کی نمائندہ تنظیم ہے۔ جس کا مقصد طلبہ برادری میں اخوت، باہمی رواداری اور مصطفوی افکار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک عزیز کے بیشتر تعلیمی اداروں میں اس کا نیٹ ورک قائم ہوچکا ہے۔

مرکزی سینئر نائب صدر چودھری امجد حسین جٹ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ اور بہتر تعلیمی ماحول تعلیم کے حصول کیلئے اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مغربی اور غیر اسلامی ثقافتی یلغار کے آگے بند باندھ کر اقامت دین اور استحکام پاکستان کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اس کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ جس کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا۔ اور خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ