ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو سیدنا امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائیں : مظہر علوی

نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یزیدی نظریات کو میدان کربلا میں شکست دے کر دین اسلام کو سر بلند کیا
امام حسین علیہ السلام نے ظالم و جابر حکمرانوں کے آگے سر نہ جھکانے کا درس دیا، ایگزیکٹو کے اجلاس سے خطاب

لاہور (10 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ ملک کو ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو سیدنا امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائیں، نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یزیدی نظریات کو میدان کربلا میں شکست دے کر دین اسلام کو سر بلند کیا، امام عالی مقام نے کربلا میں صبر، برداشت، امن اور جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا درس دیا۔ دین کا تقاضا ہے کہ آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب و احترام کیا جائے اور ان سے محبت کی جائے۔ شہدائے کربلا کی اسلام دوستی تا قیامت زبان زد عام رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک یوتھ ونگ کی سنٹرل یوتھ ایگزیکٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منصور قاسم، عصمت ثانی، رضا طاہر، حافظ وقار بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی مقدس زندگی ہمیں ظلم و جبر کے نظام کے خلاف ڈٹے رہنے اور ظالم جابر و قاتل حکمرانوں آگے سر نہ جھکانے کا درس دیتی ہے۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور انکے کارکنان دور حاضر میں کرپٹ، ظالم اور چور حکمرانوں کے خلاف عملی کردار ادا کر کے حسینی کردار پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ظالم اور قاتل حکمرانوں کو ہر سطح پر للکارا ہے اور ان قاتل حکمرانوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے کیلئے ملک گیر تحریک قصاص بھی شروع کر رکھی ہے۔

تبصرہ