’’ضرب امن‘‘ کارواں کے لاہور پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ

عوامی تحریک یوتھ ونگ کو نواجوانوں کی نمائندہ تنظیم اور متحرک سیاسی قوت بنائیں گے۔ مظہر علی
امن کاررواں 5 دسمبر کو لاہور پہنچے گا، استقبال کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حاجی فرخ

لاہور (17 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی نے کہاکہ 20 نومبر سے کراچی تا خیبر ضرب امن، تبدیلی نظام، سائیکل کارواں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے مزار سے شروع ہوگا، عوامی تحریک یوتھ ونگ کا یہ امن کارواں 5دسمبر کو لاہور پہنچے گا، یوتھ ونگ کے امن کارواں کا لاہور پہنچنے پر عوامی تحریک کے مرکزی قائدین، یوتھ ونگ کے کارکنان، طلبہ، تاجر، مذہبی، سیاسی، مزدور اور وکلاء تنظیموں کے قائدین فقید المثال استقبال کریں گے۔ لاہور میں ضرب امن کارواں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی جائے گی جس سے منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین خطاب کریں گے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی قرارداد امن اور عوامی سطح پر بیداری شعور مہم کیلئے 20 نومبر سے شروع کیا جانیوالا سائیکل کارواں کشمیر سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے 50 سے زائد بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچے گا جہاں یوتھ ونگ کے نوجوان وطن عزیز کی سلامتی کیلئے جان دینے والے شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ وہ عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے عہدیدران سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں منصور قاسم، صدر حاجی فرخ خان، سنیئر نائب صدر شیخ عتیق الرحمان، جنرل سیکرٹری عمر اعوان و دیگر شریک تھے۔

لاہور میں امن کارواں کے استقبال اور اس سلسلے میں منعقد ہونیوالی تقریب کے انتظامات و تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے حاجی فرخ نے کہاکہ اس سلسلے میں دس سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مختلف سیاسی اور یوتھ تنظیموں کو تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی جا رہی ہے۔ لاہور پہنچنے پر کارواں کا پر تپاک استقبال کیا جائیگا۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر ملک گیر امن مہم کے پیغام کو عام کرنے کیلئے نکالے جانیوالے امن کارواں کا لاہور میں سول سوسائٹی، تاجر برادری، صحافی، وکلاء، طلباء مزدور اور سیاسی رہنماء استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کو نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم اور متحرک سیاسی قوت بنائیں گے۔

تبصرہ