پاکستان کے نوجوان امن پسند اور محب وطن ہیں:عوامی تحریک یوتھ ونگ
ملک بھر میں امن دستخطی مہم شروع کر دی، تمام شہروں میں جائینگے:مظہر محمود علوی
پی پی 158، 139 اور 160 میں منعقدہ اجلاس سے خطاب، حاجی فرخ و دیگر کی شرکت
لاہور (10 جنوری 2017 ) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی طرف سے ملک گیر نظام بدلو سائیکل ریلی کے بعد امن دستخطی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ لاہور یوتھ ونگ کے صدر حاجی فرخ خان نے پی پی 158، 139 اور پی پی 160 میں امن دستخطی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس سے مرکزی صدر مظہر علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن اور رواداری پاکستان کی ضرورت ہے۔ آبادی کے 62 فیصد نوجوانوں کو امن کی جدوجہد اور مہمات سے الگ رکھ کر امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے نوجوان امن پسند اور محب وطن ہیں دنیا کی کوئی شرپسند قوت محب وطن نوجوانوں کی توانائیاں منفی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور فوجی عدالتوں نے دہشتگردی کو کم کرنے میں مدد دی۔ حکومت اب آپریشن کو جاری رکھنے اور فوجی عدالتوں کو توسیع دینے کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔
حاجی فرخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ ونگ کے نوجوان پنجاب، سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں دستخطی مہم کے سلسلے میں دورے کرینگے۔ فروغ امن کی اس قومی جدوجہد میں تمام جماعتوں کے یوتھ ونگز سے بھی رابطے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان سے اس وقت تک دہشتگردی اور انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں جب تک دہشت گردوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انتہا پسندی کی سوچ اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا خاتمہ نہ ہو۔ اس موقع پر مرکزی صدر نے اس بات کا عزم کیا کہ ضرب امن دستخطی مہم کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کی یوتھ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو امن کے اس قافلے میں شامل کرے گی اور بڑی تعداد میں دستخط جمع کر کے دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان کے نوجوان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کھڑے ہیں۔
تبصرہ