یوتھ پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف سازشوں پر خاموش نہیں رہے گی۔ عوامی تحریک یوتھ

خلاف آئین ترامیم کے خلاف عوامی تحریک یوتھ ونگ کا تمام یوتھ تنظیمات کی اے پی سی بلانے کا اعلان
شریف برادران غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے آئین کا حلیہ بگار رہے ہیں، مظہر علوی

لاہور (4 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ نے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کیلئے کی گئی ترمیم کے خلاف 10 اکتوبر کو ’’آل پارٹی یوتھ کانفرنس‘‘ بلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس اے پی سی میں ملک بھر کی تمام یوتھ اور طلباء تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ یوتھ ونگ کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، مرکزی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری علی رضا نت، نائب صدر عصمت علی اور دیگر مرکزی ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس ترمیم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ کسی صورت بھی آئین پاکستان کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بالخصوص ختم نبوت کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چاہے اس کیلئے کوئی بھی قربانی دینی پڑے، مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا کہ شریف برادران اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں مگر اب وہ یہ جان لیں کہ ان کے اقتدار کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہو چکا ہے۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص کے خلاف خاندان شریفیہ کی پارلیمانی دہشتگردی پر چپ نہیں رہے گی۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال نے خودی اور نظریہ پاکستان کا جو سبق یاد کروایا تھا نا اہل شخص اس کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ یہ پاکستان 21کروڑ عوام کا ہے جن کا جینا مرنا اس ملک کیلئے ہے جن کی اولادیں، جائیدادیں اور کاروبار بیرون ملک ہیں، انہیں پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کے خلاف مذموم اور گھناؤنا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری علی رضا نت کو اس اے پی سی کا کنوینئر مقرر کیا گیا وہ دیگر یوتھ اور طلباء تنظیمات سے رابطے اور اس کانفرنس کے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔

تبصرہ