عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام آل پارٹیز یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس کا انعقاد

”مسئلہ کشمیر کا حل اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں“ کے عنوان سے منقعدہ کانفرنس میں 30 سے زائد یوتھ اور طلباء تنظیمات کی شرکت
23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پرآزاد کشمیر مظفرآباد میں کشمیر مارچ منعقد کیا جائے گا: کانفرنس میں فیصلہ
مسئلہ کشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنا ہے: مظہر محمود علوی
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزیاں کررہا ہے: مقررین
چوہدری علی رضا نت، سردار عثمان عتیق، ملک حمزہ کرامت، سید خطیب الحسن، مہر صدام حسین، سہیل چیمہ و دیگر کا کانفرنس سے خطاب

All Parties Youth Conference

لاہور (6 مارچ 2020ء) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں آل پارٹیز یوتھ اینڈ طلباء کانفرنس میں پاکستان کی 30 سے زائد یوتھ اور طلباء تنظیمات کے رہنماوں نے شرکت کی، ”مسئلہ کشمیر کے حل“ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں عوامی تحریک یوتھ ونگ، مسلم کانفرنس یوتھ ونگ، مسلم لیگ ق یوتھ، جماعت اسلامی یوتھ، جمیعت یوتھ، پنجاب یوتھ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، انصاف یوتھ، اہل حدیث یوتھ فورس، امامیہ یوتھ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، انصاف یوتھ فیڈریشن، جعفریہ سٹوڈنٹ، جمیعت سٹوڈنٹ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر جماعتوں کے یوتھ ونگز کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ یوتھ رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور 200 دن سزائد سے جاری کرفیو پر شدید تشویش کا اظہار کیا، رہنماوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کانفرنس کے انعقاد پر عوامی تحریک یوتھ ونگ کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس کی صدارت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی تمام یوتھ ونگز اور طلباء تنظیمات آزاد کشمیر مظفرآباد میں کشمیر مارچ کریں گی۔ اس حوالے سے انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنا ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزیاں کررہا ہے، نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، خواتین اور بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشمیریوں پر مظالم روکنے کے لیے دنیا کے موثر ممالک اور اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ مظہر علوی نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی بھی اس حوالے سے افسوسناک ہے۔ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عالمی سطح پر پائے جانے والی سرد مہری ساری دنیا کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ کشمیر کا مسئلہ ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونا چاہیے، یواین کی قراردوں پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، کشمیرکاحق خودارادیت عالمی طور پر مسلمہ ہے، بھارت ہٹ دھرمی تر ک کر کے مکالمے کا دروازہ کھولے اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی ٹیبل پر مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔ بھارت مسئلے کو حل کرنے کی نیت سے مذاکرات کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ مسئلہ کشمیر کاحل نہ نکل سکے۔ خطے کے امن کے لیے کشمیر کے مسئلہ حل ہونا ضروری ہے۔

کانفرنس سے کنوینیئر نیشنل یوتھ الائنس چوہدری علی رضا نت، سردار عثمان عتیق، ملک حمزہ کرامت، سید خطیب الحسن، مہر صدام حسین، سہیل چیمہ، محسن شہزاد مغل، محسن مصطفوی، ضلج انقلابی، میر احسن و دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

All Parties Youth Conference

تبصرہ