نوجوان سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالے مواد پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

اسلام اور پاکستان کے دشمن نوجوانوں کو گمراہ کرنے کےلئے سوشل میڈیا کا منفی استعمال کر رہے ہیں، آن لائن کانفرنس سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل کا یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ 20 روزہ سوشل میڈیا کانفرنس سے خطاب
کانفرنس سے خرم نواز گنڈا پور، نوراللہ صدیقی، مظہر محمود علوی، عمر قریشی و دیگر کا خطاب

لاہور (12 جولائی 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن نوجوانوں کو گمراہ کرنے کےلئے سوشل میڈیا کا منفی استعمال کر رہے ہیں نوجوان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مواد اور معلومات پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کیا کریں تحقیق ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سوشل میڈیا اور اخلاقیات کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئیڈیالوجی کے خلا ف سوشل میڈیا پر مواد کی بھر مار ہے۔ سوشل میڈیا۔ ڈیجیٹل میڈیا پر کرپٹ اور جرائم پیشہ افراد کو ہیرو بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔

منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ 20 روزہ آن لائن سوشل میڈیا ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خرم نواز گنڈا پور، نوراللہ صدیقی، مظہر محمود علوی، عمر قریشی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، عائشہ مبشر، و دیگر نے خطاب کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے منہاج یوتھ لیگ کو 20 روزہ کامیاب سوشل میڈیا ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد یتے ہوئے کہاکہ نوجوان سوشل میڈیا پر اسلام، پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہونیوالے زہریلے پروپیگنڈے کو رد کرے۔ منہاج یوتھ لیگ کے ہزاروں نظریاتی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ایسے شر پسند عناصر کا ڈٹ کا مقابلہ کر رہے ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا کہ سوشل میڈیا رواں صدی کا جدید اور موثر ترین ذریعہ ابلاغ ہے۔ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے، موبائل اور نیٹ استعمال کرنیوالا ہر نوجوان ملک کے استحکام اور اتحاد و یکجہتی کےلئے اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔ پر امن اور قانون پسند معاشرے کی تشکیل کےلئے سوشل میڈیا کے جدید ذرائع ابلاغ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہاکہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کےلئے نوجوانوں کی ٹریننگ بہت ضروری ہے۔ تعلیم کے حصول، شعور کی ترقی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کےلئے سوشل میڈیا دو طرفہ ذریعہ اظہار ہے۔ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے حوالے سے ہر نیٹ یوزر کو بنیادی معلومات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی سماجی، اخلاقی امور میں تربیت کےلئے اپنا عملی کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب سے علامہ غلام مرتضی علوی، چوہدری عرفان یوسف، عائشہ مبشر، منصور قاسم اعوان، عمر قریشی، ساجد حسن، محسن مشتاق اور حاجی فرخ خان نے خطاب کیا۔

تبصرہ