نوجوان تحریک پاکستان کی جدوجہد میں بانی پاکستان کی طاقت تھے : خرم نواز گنڈاپور

تعلیم یافتہ نوجوان ایک بہتر معاشرے اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر کرتے ہیں : سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
نوجوان اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط، اپنے کام میں حسن اور ترتیب پیدا کریں : مظہر علوی
منہاج یوتھ لیگ معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب

لاہور (12 اگست 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں نوجوان بانی پاکستان قائداعظم کے دست و بازو بنے تھے۔ آج ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہے۔ نوجوان دنیا کے سامنے پاکستان کی شناخت ہیں۔ نوجوانوں نے ہی اپنی قوم میں دوبارہ اسکی عظمت اور حیثیت کے احساس کو اجاگر کرنا ہے۔ ملک کو ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے جو ملکی ترقی کا باعث بنیں۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ایک بہتر معاشرے اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر کرتے ہیں۔ نوجوان تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں۔ حکومت نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرے۔ نوجوانوں کو موثر نمائندگی ملنی چاہیے۔ کرپشن، دہشتگردی اور بے روزگاری کے سدباب کیلئے نوجوانوں کو مشاورتی عمل میں شامل کرنا ہو گا۔

تقریب کی صدارت منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس، منصور قاسم اعوان نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوان اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط، اپنے کام میں حسن اور ترتیب پیدا کریں۔ نوجوان تاریخ سے باخبر اور مستقبل میں کیا ہوتا نظر آ رہا ہے اس سے مکمل طور پر با خبر رہیں۔ آپ نوجوانوں نے ہی آگے جا کر ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔ مطالعے کی عادت ڈالیے، اچھی اور علمی صحبت تلاش کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کےلئے جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ مظہر علوی نے کہا کہ نوجوان رواداری کے فروغ اور امن و امان کیلئے عملی جدوجہد کریں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان علم اور امن کے سفیر بن کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ تعلیم امن پسند، خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

تبصرہ