مفاد پرستوں نے سیاست کو ایک گندا کاروبار بنا کے رکھ دیا ہے
عوام دشمن نظام پاکستان کی جڑیں کاٹ رہا ہے: مرکزی صدرمنہاج یوتھ لیگ
75 سال بعد بھی ملکی سیاست ووٹوں کی بجائے لوٹوں کے ہاتھ میں ہے: اجلاس سے خطاب
لاہور (24 جولائی 2022) منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ خرید و فروخت کی سیاست سے نوجوان سخت غصے میں ہیں۔ 75 سال کے بعد بھی ملکی سیاست ووٹوں کی بجائے لوٹوں کے ہاتھ میں ہے۔ اگر ووٹرز کے فیصلے کو نہیں ماننا تھا تو پھر اتنا بڑا الیکشن ڈرامہ رچانے کی ضرورت کیا تھی؟ الیکشن پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے۔ عوامی نمائندوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح کمروں میں بند کیا گیا۔ ایسے لگ رہاتھا کہ عید قربان کے بعد بھی میلہ مویشیاں شروع ہے۔ یہ عوام دشمن نظام پاکستان کی جڑیں کاٹ رہا ہے۔ ملک لوٹنے والے اور اس فرسودہ نظام کے محافظ کرپٹ نام نہاد جمہوریت کے ذریعے نوجوانوں کے اخلاق اور کردار کو خراب کر رہے ہیں۔ چوروں اور لٹیروں نے سیاست کو ایک گندا کاروبار بنا کے رکھ دیا ہے۔ وہ وقت قریب ہے کہ جب نوجوان ان کرپٹ مافیاز کو مقدس ایوانوں سے اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، نائب صدر ہارون ثانی، محمد ذیشان، رانا وحید شہزاد، عمران یونس، عبد الحنان، امساعیل انعام، عصمت علی، محسن مشتاق، قیصر محبوب سمیت منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران موجود تھے۔
مظہرمحمود علوی نے کہا کہ ملک پر عملاً مافیاز اور ملزمان کا قبضہ ہے۔ موجودہ عوام دشمن جمہوری نظام ملکی ترقی اور خوشحالی کو نگل رہا ہے۔ نوجوانوں کو اس فرسودہ نظام اور قومی سلامتی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی کردار سازی کی ایک عالمگیر تحریک ہے، بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر اور تحقیق نے نوجوانوں پرانتہائی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور انہیں حقیقی معنوں میں اقبال کا شاہین بننے میں مدد دی ہے۔
منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد انتہا پسندی کے خاتمے اور پر امن، خوشحال معاشرے کے قیام کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ معاشرے میں امن اور رواداری کے فروغ کے لیے جدوجہد کررہی ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے، منہاج یوتھ لیگ نے رواداری کے فروغ اور امن و امان کے لیے ہمیشہ عملی جدوجہد کی ہے، منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان علم اور امن کے سفیر بن کر ملک کا نام روشن کررہے ہیں اور اسلام کا حقیقی تشخص دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں۔
تبصرہ