کامران سعید عثمانی نیشنل یوتھ الائنس کے صدر سہیل چیمہ سیکرٹری جنرل مقرر

بانی صدر نیشنل یوتھ الائنس مظہر محمود علوی نے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا
نیشنل یوتھ الائنس کے لئے مظہر محمود علوی کی خدمات قابل تحسین ہیں وہ نوجوانوں کے رول ماڈل ہیں۔ کامران سعید
اجلاس میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران کے درجات کی بلندی کے لیے دعا

Nation Youth Alliance

لاہور (4 اگست 2022ء) نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تعمیر وطن کے لئے بروئے کار لانے اور ان کے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے قائم کیے جانے والے یوتھ الائنس کی دوسری مدت کے لئے کامران سعید عثمانی صدر اور سہیل چیمہ کو جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔ نیشنل یوتھ الائنس کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے ناموں کا اعلان مشاورت کے بعد منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر اور بانی صدر نیشنل یوتھ الائنس مظہر محمود علوی نے کیا۔

اس موقع پر منعقدہ نیشنل یوتھ الائنس کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کامران سعید نے کہا کہ نیشنل یوتھ الائنس کے لئے مظہر محمود علوی کی خدمات قابل تحسین ہیں اوروہ ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے مختلف جماعتوں کے نوجوانوں کو متحد و یکجا کرنے کے لئے زبردست خدمات انجام دی ہیں۔ سہیل چیمہ نے بھی مظہر محمود علوی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار ناگزیر ہے، خوش قسمتی سے پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جن کی آدھے سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ کرپشن، بیروزگار ی، صحت، تعلیم اور غربت جیسے مسائل کا حل بھی ضروری ہے لیکن ملکی آبادی کا 64 فیصد طبقہ جو نوجوانوں پر مشتمل ہے ان کو درپیش مسائل پر بھی بات ہونا چاہیے۔ اقربا پروری، میرٹ کا نہ ہونا جیسے مسائل نے آج کے نوجوان کی تخلیقی صلاحیت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے پالیسیاں مرتب ہونی چاہئیں، بہتر پروگرامز اور ٹریننگ شروع کی جائے، ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داریوں میں یکساں معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم امن پسند خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

اجلاس میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونیوالے افواج پاکستان کے افسران کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ مظہر محمود علوی نے نیشنل یوتھ الائنس کے دوسرے ٹنیور کے لیے کامران سعید عثمانی بطور صدر اور سہیل چیمہ بطور سیکرٹری جنرل منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ تقریب حلف برداری آئندہ اجلاس میں ہوگی جس کے بعد نیشنل یوتھ الائنس کی باقی کیبنٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

اجلاس میں مظہر محمود علوی، کامران سعید عثمانی، سہیل چیمہ، منصور قاسم اعوان، چوہدری ذولفقار، علی رضا نت، محمد ہارون ثانی، احسن کھیتران، میاں فاروق، ملک شکیل اعوان، میاں عمران، ارحم ذولفقار، میاں افضل، حاشر منہاس، محمد ذیشان اعوان اور محمد قیصرمحبوب سمیت یوتھ رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ