اجلاس کا مقصد نوجوانوں میں برداشت، رواداری اور سیاسی شعور پیدا کرنا ہے: رانا وحید شہزاد
اجلاس میں ملک بھر سے یوتھ عہدیداران شریک ہوں گے
لاہور(31جنوری 2024) منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام یوتھ پارلیمنٹ کا اجلاس یکم فروری 2024 (جمعرات) کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا۔ منہاج یوتھ لیگ اور یوتھ ماڈل نیشنل اسمبلی کے اشتراک سے منعقدہ اجلاس میں ملک بھر سے یوتھ عہدیداران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اہم سیاسی،سماجی و مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔
منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد نے کہا ہے کہ اجلاس میں نوجوانوں کی ترقی،نوجوانوں کا پاکستانی سیاست میں کردار، ثقافت، فنون، خواتین کی انتخابی سیاست میں شرکت سمیت دیگر مسائل زیر بحث آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہر وقت نوجوانوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔ نوجوانوں کو امن، محبت، علم اور سیاسی شعور دینے میں منہاج یوتھ لیگ کا کردار ہمیشہ قابل تحسین رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور پڑھے لکھے نوجوان ملکی ترقی کا راز ہوتے ہیں۔ اجلاس کا مقصد نوجوانوں میں برداشت، رواداری، ایثار اور سیاسی شعور پیدا کرنا ہے تا کہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن کر ملک کی بہترین خدمت کر سکیں۔ منہاج یوتھ لیگ کوشاں ہے کہ نوجوانوں میں سماجی بہبود کا جذبہ پیدا کیا جائے۔ اجلاس میں نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اہم تجاویز بھی دی جائیں گی۔
تبصرہ