ملک کے تمام اضلاع میں یوتھ امپاورمنٹ سیمینارز منعقد کیے جائیں گے: فیصلہ
نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے: رانا وحید شہزاد
ڈاکٹر عمران یونس، تبسم ضیا،عبد الحنان طاہر، نعیم احمد ملک، گوہر عباس کی اجلاس میں شرکت
لاہور (13 مئی 2024) منہاج سنٹرل یوتھ کونسل کا اجلاس مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمران یونس سمیت سنٹرل یوتھ کونسل کے ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منہاج یوتھ لیگ کے ورکنگ پلان 2024 کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام 2024 میں ملک کے تمام اضلاع میں یوتھ امپاورمنٹ سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملک گیر سیمینازر کا مقصد نوجوانوں کو بے روزگاری، مایوسی اور ناا میدی سے نکال کر خودکفیل بنانا ہے۔ اجلاس میں ممبر سازی مہم اور نوجوانوں سے رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا وحید شہزاد نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک نوجوانوں نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ منہاج یوتھ لیگ علم، امن، امید اور کردار سازی کی ایک عالمگیر تحریک ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد امن و روادای کیلئے ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فکر، تحقیق اور رہنمائی نے نوجوانوں پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار کسی بھی معاشرے میں اہم ہوتا ہے۔ ملکی و قومی ترقی کا دارومدار نوجوانوں کی کارکردگی کا مرہون منت ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں اکثریت نوجوانوں کی ہے مگر ہم ان کی صلاحیتوں سے اس طرح فائدہ حاصل نہیں کر رہے جس طرح کرنا چاہیے۔ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے مثبت سوچ بہت اہم ہے۔ نوجوانوں میں امید اور مثبت سوچ پیدا کرنا بہت ضروری ہے، اسی سے ملک میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں میں امید اور مثبت سوچ پیدا کر رہی ہے۔ نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جہاں اللہ کریم نے بے شمار قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے وہیں ہماری نوجوان افرادی قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں۔ منہاج یوتھ لیگ نے رواداری، تحمل، برداشت کے فروغ اور امن ومحبت کیلئے ہمیشہ عملی جدوجہد کی ہے۔
اجلاس میں تبسم ضیا، عبد الحنان طاہر، نعیم احمد ملک، گوہر عباس، سعد گوندل سمیت سنٹرل یوتھ کونسل کے دیگر ممبران شریک تھے۔
تبصرہ