منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام نوجوانوں کے عالمی دن پر تقریب کا انعقاد

نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دئیے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکتا: رانا وحید شہزاد
ارشد ندیم نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا نوجوان دنیا کا بہترین نوجوان ہے
قومی وسائل نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے پر صرف کئے جائیں: مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ

Minhaj Youth Leauge Message on International Youth Day

لاہور(12 اگست 2024) منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ راناوحید شہزاد نے کی۔ تقریب میں منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی،صوبائی، ضلعی رہنماؤں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا وحید شہزاد نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دئیے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکتا۔ درست تربیت نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان معیشت سمیت متعدد بحرانوں سے دوچار ہے۔ یہی نوجوان بیرون ملک جا کر ان ملکوں کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی بن جاتے ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ پاکستان کا نوجوان پاکستان کیلئے نفع بخش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی وسائل نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے پر صرف کئے جائیں اس سے بہترین انویسٹمنٹ اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ارشد ندیم نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا نوجوان دنیا کا بہترین نوجوان ہے اگر ان کو مناسب تربیت مل جائے تو ایسے کئی اعزاز پاکستان کا رخ کر لیں گے۔ آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد اس امر کا عتراف کرنا ہے کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں اور نوجوان ہی خوشحال مستقبل اور تبدیلی کا اصل محرک ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دئیے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل اور اس کی بقاء کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کے لئے ہر سطح پر بہترین مواقع پیدا کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کئے جائیں تاکہ اس ملک کا نوجوان خوشحال ہو۔ نوجوان خوشحال ہوں گے تووہ اس ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی میں اپنا بہترین کردار ادا کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر نوجوانوں کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی اور انکے مسائل کو یونہی چھوڑ دیاگیا تو نوجوان مزید مایوسی کا شکار ہونگے جس سے ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک بڑی نوجوان آبادی کا حامل ملک ہے جو تیزی سے عالمی ڈیجیتل منظر نامے سے جُڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں پاکستان کی نوجوان آبادی کی استعدادسے پوری طرح استفادہ کرنے اور ان کیلئے یکساں مواقع سے بھرپور سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔ گزشتہ 3 دہائیوں سے منہاج یوتھ لیگ جس کی بنیاد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 1988میں رکھی نوجوانوں کی علمی، عملی، روحانی، اخلاقی، سماجی اور معاشرتی تربیت پر کام کر رہی ہے۔ نوجوانوں میں شعور کی بیداری اور اپنے حقوق کی آگاہی کیلئے ان کی رہنمائی کیلئے برسر پیکار ہے۔

تقریب میں مرکزی جنرل سیکریٹری منہاج یوتھ لیگ ڈاکٹر عمران یونس، عبد الحنان طاہر،نعیم احمد ملک، محمد عتیق الرحمن، حافظ نسیم الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ