منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے "نوجوان پاکستان کا مستقبل" مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز کا تقریب سے خطاب
ان کا کہنا تھاکہ نوجوان کسی بھی قوم کی ترقی و عروج کا اصل سرمایہ ہیں، اور آج کا دن ہمارے لیے ایک نئے عزم اور حوصلے کے عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کو اپنی زندگی کے لیے ایک واضح، مثبت اور بامقصد ہدف طے کرنا چاہیے، ایسا ہدف جو اس کی شخصیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سب سے پہلے اپنی کمیوں اور کمزوریوں کا تجزیہ کریں—چاہے وہ کاروباری صلاحیت میں ہو، آئی ٹی مہارت میں، دینی و علمی فہم میں یا زندگی میں کام آنے والی دیگر سکلز میں—اور پھر یہ عہد کریں کہ آئندہ سال تک یہ کمی اپنی محنت اور سیکھنے کے جذبے سے دور کر لیں گے۔
مثال کے طور پر اگر کسی نوجوان کو کاروباری مہارت نہیں آتی یا آئی ٹی سکلز میں کمی ہے تو اسے آج سے ہی سیکھنے کا آغاز کرنا چاہیے، تاکہ اگلی ملاقات تک وہ مہارت اس کے پاس ہو۔شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ یہ طرزِ فکر اور عمل نہ صرف فرد کی کامیابی کی بنیاد رکھتا ہے بلکہ پورے معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی کا پیش خیمہ بنتا ہے۔ جب نوجوان خود کو مسلسل بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں تو وہ نہ صرف اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلتے ہیں بلکہ پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار بھی بنتے ہیں۔
تبصرہ