دھشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ملکر قومی پالیسی تشکیل دینی چاہیے : انوار اختر ایڈووکیٹ

پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر پالیسی تشکیل دینی چاہیے اور ایڈہاک اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ اگر قومی پالیسی تشکیل نہ دی گئی اور حالات کو ایسے ہی چھوڑ دیا گیا تو پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے ماحول سازگار ہو گا کہ وہ پاکستان کے خلاف مزید منفی پروپیگنڈے کر کے اسکی سالمیت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے اقدامات کر سکیں وہ گزشتہ روز صحافیوں سے ملاقات کے دوران ان کے مختلف سوالات کاجواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت صوبائی خود مختاری دے کر چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم کرے صرف آبادی کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم کا اب دور نہیں رہا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اتنا بےوقعت بنا دیا گیا ہے کہ بیرون ممالک کے ایلچی اور وفود آئے روز پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے آئے رہتے ہیں۔ بنگلہ دیش، مالدیپ، بھوٹان اور نیپال جیسے ملک بھی اپنے معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کرتے مگر افسوس پاکستان، امریکہ اور برطانیہ کی کالونی بن گیا ہے۔

تبصرہ