تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی اور روحانی قدروں کی بحالی کیلئے کوشاں ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

علماء کرام اسلامی اقدار کی بحالی کیلئے منظم اجتماعیت میں شامل ہوں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی و روحانی اقدار کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک و اولیاء کرام کے فیوض و برکات کے سایہ تلے پروان چڑھنے والی یہ عالمی تحریک پوری دنیا میں روحانی اقدار کو پھیلا رہی ہے اور لاکھوں مسلمانوں کے قلوب کی صفائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن، بھائی چارے اور بین المذاہب رواداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان کی تختیوں پر نقش کر کے اسلام کی حقیقی روشنی کو عام کر رہی ہے۔ آج برطانیہ سے علماء کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زوال پذیر اسلامی قدروں کی بحالی کیلئے کسی منظم اجتماعیت میں شامل ہو کر دین مبین کی خدمت کا فریضہ ادا کریں کیونکہ ان کی انفرادی کوششیں موثر نتائج پیدا نہ کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نفس کی آلائشوں نے دنیا کی محبت میں گرفتار کر کے انسان کو اس کا اصل وطن بھلا دیا ہے وہ اس عارضی قیام کو ہی سب کچھ سمجھ کر دائمی زندگی کی فکر کو فراموش کر بیٹھا ہے۔ معاشرہ مادیت کی دلدل میں دفن ہوتا جا رہا ہے، باطن کو پاکیزہ بنانے کی خواہش اور تڑپ معدوم ہوتی جا رہی ہے۔ ضرورت ا س امر کی ہے کہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دبی ہوئی چنگاری کو شعلہ جوالا بنا کر ایمان کو گرمایا جائے تاکہ دنیا کی محبت کی دبیز تہہ پگھل جائے اور کر قلب و باطن صاف ہو جائے۔

تبصرہ