ماہانہ مجلسِ ختم الصلٰوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مؤرخہ 19 مئی 2006ء بروز جمعۃ المبارک تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلسِ ختم الصلٰوۃ علی النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) منعقد ہوئی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کا شرف قاری اللہ بخش نقشبندی نے حاصل کیا۔ نعتِ رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی سعادت شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خواں حضرات نے حاصل کی۔

ماہانہ مجلسِ ختم الصلٰوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماع سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے براہِ راست ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مشاہدہ انہیں عطا ہوتا ہے جو مجاہدہ کرتے ہیں۔ مجاہدہ کے بغیر مشاہدہ نہیں ہوسکتا۔ اور جو لوگ مجاہدہ کے بغیر مشاہدہ مانگتے ہیں، وہ اللہ کے قانون کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ظاہر پر مشاہدہ کی آری چلانے سے باطن میں مشاہدہ نصیب ہوتا ہے۔ جو لوگ ابتداء میں مجاہدہ نہیں کرتے انہیں مشاہدے کی ہوا نہیں لگ سکتی۔ اگر مجاہدہ کے بغیر کوئی شخص خیال کرے کہ اس پر مشاہدہ کا دروازہ کھول دیا جائے گا تو یہ اس کی نادانی ہے۔ اللہ تبارک و تعالٰی نے ایسا وعدہ نہیں کر رکھا۔ شیخ الاسلام نے فرمایا کہ لوگ عبادات کی کثرت بھی کرتے ہیں، نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں، مگر ان کا حال نہیں بدلتا۔ وہ عبادت تو کرتے ہیں مگر اپنے نفس کی خرابیاں دور کرنے پر محنت نہیں کرتے۔ نفس کے حال کو نہیں پڑھتے۔ عبادات سے ثواب مل جاتا ہے، مگر حال نہیں بدلتا، اَخلاق نہیں بدلتے، حلیہ اور وضع قطع تو بدل جاتی ہے، مگر باطنی ترقی نہیں ہو پاتی۔

شیخ الاسلام نے فرمایا کہ نفس کی اصلاح کا سامان کرنا بہت ضروری ہے، ورنہ انسان کا ظاہر تو کسی حد تک بدل جاتا ہے مگر باطن کی اصلاح نہیں ہو پاتی۔ انہوں نے فرمایا کہ مجاہدہ کی ابتداء تین چیزوں سے ہوتی ہے: کم کھانا، کم سونا اور کم بولنا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ظاہر کے ساتھ ساتھ ہمارا باطن بھی ترقی کی منازل طے کرنا شرع کردے تو ہمیں مجاہدے کی ان تین شرائط سے آغاز کرنا ہوگا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب کے بعد حسبِ معمول ختم شریف پڑھا گیا اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں اس ماہ 3 کروڑ سے زائد مرتبہ پڑھا گیا درود پاک پیش کیا گیا۔ صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی کے دستِ مبارک سے گوشہ نشینان میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اختتامی دعا محترم ناظم اعلٰی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔

اس موقع پر امیرتحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیئرمین جی ایم ملک، ناظم دعوت رانا محمد ادریس، ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری، ناظم ابلاغیات حاجی منظور حسین مشہدی، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شاہد محمود، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، ناظم ویلفیئر عاقل ملک، امیر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی اور سینکڑوں عشاقان بھی موجود تھے۔ محفل کے اختتام پر لنگر کا خصوصی اہتمام تھا۔

تبصرہ