ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو ہمیشہ ادب و امن سکھایا: مظہر محمود علوی

ڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیت یافتہ پر امن کارکنوں نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا: صدر منہاج یوتھ لیگ

لاہور (20 جون 2019) منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو ہمیشہ ادب و امن سکھایا ہے۔ پوری زندگی نوجوانوں کی کردار سازی پر صرف کی ہے۔ نوجوانوں کی علمی و عملی تربیت کےلئے جدوجہد کی ہے۔ محب وطن سیاسی قوتوں کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہی وہ واحد قیادت ہیں جنکا پیغام علم اور امن ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہیں اور سسکیاں عرش تک پہنچ گئی ہیں۔ آج وقت کے فرعون قدرت کی گرفت میں ہیں۔ قاتل لٹیرے اور چور گلیوں، سڑکوں پر واویلا کر رہے ہیں یہ سب تو ابتدا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا بے گناہوں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دیکھ رہے ہیں۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر منصور قاسم اعوان، حاجی فرخ، عمر اعوان، شیخ عتیق الرحمن، امجد جٹ، انعام مصطفوی، ہارون ثانی، محسن شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو انتہا پسندی کے خلاف متبادل بیانیہ اور امن نصاب کا تحفہ دیا۔ کرپٹ اور قاتل حکمرانوں نے 17 جون 2014 کو تحریک منہاج القرآن کے بے گناہ کارکنوں کو شہید کیا، 100 سے زائد لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا۔ خواتین کی لاشیں گرائی۔ 5سال ہو گئے ہمیں انصاف نہیں ملا پھر بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیت یافتہ پر امن کارکنوں نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا، انصاف کےلئے کل بھی عدلیہ کی طرف دیکھ رہے تھے اور آج بھی عدلیہ سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ انشا اللہ ہم پر امید ہیں کہ ہ میں انصاف ملے گا۔

تبصرہ