پاکستان کی آبادی کا 60 فی صد سے زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ریاست جدید تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے
کرپشن، دہشتگردی اور بیروزگاری کے سدباب کے لیے نوجوانوں کو مشاورتی عمل میں شامل کرنا ہو گا
منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کی کردار سازی کی عالمگیر تحریک ہے: مرکزی صدر یوتھ لیگ
لاہور (20جنوری 2020) منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ اقوام عالم کی جمہوری، معاشی، معاشرتی اور سماجی ترقی میں نوجوان کا براہ راست کردار ہے۔ پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ اس کی آبادی کا 60 فی صد سے زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داریوں میں یکساں، معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی شامل ہے۔ تعلیم امن پسند، خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک نوجوانوں نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کی کردار سازی کی ایک عالمگیر تحریک ہے، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر اور تحقیق نے نوجوانوں پرانتہائی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور انہیں حقیقی معنوں میں اقبال کا شاہین بننے میں مدد دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں نوجوانوں کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منصور قاسم اعوان،انعام مصطفوی، محسن مشتاق، حاجی فرخ، محسن شہزاد و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مظہر علوی نے کہاکہ ملک کو ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے جو ملکی ترقی کا باعث بنیں۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ایک بہتر معاشرے اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر کرتے ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد انتہا پسندی کے خاتمے اور پر امن، خوشحال معاشرے کے قیام کےلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں، انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان تعلیمات صوفیاء پر عمل کر کے امن کی تعلیمات کو فروغ دیں۔ حکومت نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرے، نوجوانوں کو موثر نمائندگی دی جائے،کرپشن، دہشتگردی اور بیروزگاری کے سدباب کے لیے نوجوانوں کو مشاورتی عمل میں شامل کرنا ہو گا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ معاشرے میں امن اور رواداری کے فروغ کے لیے جدوجہد کررہی ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے، منہاج القرآن یوتھ لیگ نے رواداری کے فروغ اور امن و امان کے لیے ہمیشہ عملی جدوجہد کی ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان علم اور امن کے سفیر بن کر ملک کا نام روشن کررہے ہیں اور اسلام کا حقیقی تشخص دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں۔
تبصرہ