ہنگامی حالات میں انسانی جان بچانا افضل ترین عمل ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

انسانی زندگی کے تحفظ کیلئے اسلام نے فرائض کی ادائیگی میں رعایتیں دی ہیں
وباء سے بچنے کیلئے قرنطینہ کی طبی گائیڈ لائن آپ ﷺ نے عطاء کی: صدر منہاج القرآن

لاہور (16 مارچ 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر، منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ وہ فرائض جنہیں عام حالات میں ترک کرنے کی ہر گز معافی نہیں ہے انسانی زندگی کے تحفظ کے معاملے پر ان کی ادائیگی میں بھی اسلام نے رعایتیں دی ہیں، ہنگامی حالات میں انسانی جان بچانا یا بچانے میں مدد دینا افضل ترین عمل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، صدر منہاج القرآن نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مستحقین میں راشن تقسیم کرنے اور پکا پکایا کھانا بانٹنے پر تمام رہنماؤں بالخصوص منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اور جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج یونیورسٹی لاہور، آغوش آرفن کیئر ہوم کی طرف سے کھانے کی تقسیم پر بھی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام دین فطرت اور ”لااکرا فی الدین“ یعنی دین میں کوئی جبر نہیں ہے“ کے ضمن میں الوہی رعایتیں مہیا کرتا ہے، آج کل کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کرب سے دو چار ہے اور یہ وائرس سماجی تعلقات اور اجتماعات سے پھیلتا ہے، اس صورتحال میں جس قدر ممکن ہو سکے اجتماعات اور پرہجوم جگہوں پر جانے سے بچا جائے، انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولﷺ نے انسانیت کی بقاء اور تحفظ کیلئے جامع رہنمائی دی ہے، آج کل قرنطینہ کا لفظ بہت مقبول ہے اور کرونا وائرس سے بچنے کا مجرب نسخہ ہے، قرنطینہ کا تصور بھی آج سے 14 سو سال قبل پیغمبر آخر الزماں حضور نبی اکرم ﷺ نے عطاء کیا۔ اس حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مکمل گفتگو اور رہنمائی ان کے آفیشنل پیجز پر دستیاب ہے، ہر آدمی اس سے استفادہ کر سکتا ہے۔

تبصرہ