’’اساس ایمان یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس‘‘ جمعۃ المبارک کو ہو گی

کانفرنس منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی، یوتھ اور طلبہ تنظیموں کے قائدین شرکت کرینگے
قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کرینگے
منہاج یوتھ لیگ نے ہمیشہ نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی پر توجہ دی: صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر علوی

لاہور (18 اگست 2020ء) نیشنل یوتھ الائنس کے زیراہتمام ’’اساس ایمان یوتھ اینڈ سٹوڈنٹس کانفرنس‘‘ 21 اگست (جمعۃ المبارک) کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس میں ملک بھر کی یوتھ اور طلبہ تنظیموں کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، جمہوری وطن پارٹی یوتھ، اہل حدیث یوتھ فورس، سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ، نیشنل یوتھ الائنس، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، جے آئی یوتھ، اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف یوتھ ونگ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق)، پیپلز سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اسلامی جمیعت طلبہ، جمیعت طلباء اسلام، جمیعت طلباء عریبیہ، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مسلم طلبا محاذ، انجمن طلباء اسلام، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، وحدت یوتھ، جعفریہ یوتھ، جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پاک سرزمین پارٹی یوتھ، ایم کیو ایم یوتھ، متحدہ طلبا محاذ سمیت یوتھ اور طلباء تنظیمات شرکت کریں گی۔ منہاج یوتھ لیگ کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔

کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مؤدت اہل بیت اطہار علیہم السلام اور تعظیم صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کے موضوع پر خطاب کرینگے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی گفتگو سے نوجوانوں کے عقیدے میں درستگی آئے گی اور اعتدال پسندی و روادری کا پیغام بھی ملے گا۔ منہاج یوتھ لیگ نے ہمیشہ نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی پر توجہ دی ہے۔ امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔

تبصرہ