کانفرنس میں مجوزہ قومی یوتھ پالیسی برائے بجٹ 2021-22 کا اعلان کیا گیا
حکومت نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے علیحدہ اتھارٹی قائم کرے
نوجوانوں کو آن لائن بزنس کی ٹریننگ دلانے کیلئے خصوصی ادارے قائم کئے جائیں: مظہر محمود علوی
چوہدری عرفان یوسف، سہیل چیمہ، سید خطیب الحسن، فیصل افضل، شہزادہ بٹ و دیگر کا خطاب
لاہور (11 جون 2021) منہاج یوتھ لیگ اور نیشنل یوتھ الائنس کے زیراہتمام آل پارٹیز یوتھ کانفرنس کا انعقاد مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں کیا گیا۔ آل پارٹیز یوتھ کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کے مرکزی قائدین نے یوتھ پالیسی برائے بجٹ 2021-22 کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ آل پارٹیز یوتھ کانفرنس میں مجوزہ قومی یوتھ پالیسی برائے بجٹ 2021-22 کا اعلان بھی کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر قومی ترقی ایک خواب کی مانند ہے۔ نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت اور حقیقی تبدیلی کی علامت ہیں۔ نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر نہ ترقی کا پہیہ چل سکتا ہے اور نہ ہی مستقبل کے اہداف کا حصول ممکن ہے۔ پاکستان کی آبادی کا 60 فی صد سے زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ آج تک کسی بھی حکومت نے اس کثیر آبادی والے طبقے کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نہ ہی نوجوانوں سے متعلق اپنے نعروں اور وعدوں کی پاسداری کر کے ان کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ موجودہ حکومت بھی یوتھ کی وجہ سے اقتدار میں آئی تین سال ہو گے اس حکومت نے بھی نوجوانوں سے متعلق کوئی باقاعدہ قومی پالیسی تشکیل نہیں دی۔ منہاج یوتھ لیگ اور نیشنل یوتھ الائنس کے نوجوان حکومت کو مجوزہ قومی یوتھ پالیسی پیش کر کے اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
مظہر محمو د علوی نے مجوزہ یوتھ پالیسی برائے بجٹ 2021-22 کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے علیحدہ اتھارٹی قائم کرے۔ نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کیلیئے علیحدہ بجٹ مختص کیا جائے، نوجونوں سے متعلق فیصلہ سازی میں نوجونوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، یوتھ کیلئے تعلیمی گرانٹس اور بلاسود قرضہ جات کا نظام قائم کیا جائے، نوجوانوں کو آن لائن بزنس کی ٹریننگ دلانے کیلئے خصوصی ادارے قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ ٹریننگ سسٹم کا اجراء کرے اور بینکس کے ساتھ مائیکرو فائنانسنگ کا آغاز بھی کرے۔ جس میں ٹریننگ کے ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو چھوٹے پیمانے پر آسان اقساط پر اسلامی مالیاتی نظام کے تحت بلا سود قرضے دیئے جائیں جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔
کانفرنس سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، سہیل چیمہ، سید خطیب الحسن، فیصل افضل، طحہ منیب، شہزادہ بٹ، کامران سعید عثمانی، کاشف خان کھچی، ملک اویس اکبر، حاشر، اویس گجر سمیت دیگریوتھ اور طلباء رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ